افغانستان میں طالبان حکومت کے قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے این ڈی پی آر ڈی نے اعلان کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں افغانستان میں شدید برفباری کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 61 ہو گئی ہے۔
ادارے کے ترجمان نے سنیچر کی شب بتایا کہ مختلف صوبوں میں برفباری، برفانی تودے گرنے اور شدید بارشوں کے نتیجے میں 110 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جبکہ سینکڑوں مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔
این ڈی پی آر ڈی کی ترجمان محمد یوسف حماد کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
افغانستان جو حالیہ برسوں میں شدید خشک سالی کا شکار رہا ہے بدھ کے روز سے غیر معمولی برفباری اور معض علاقوں میں شدید طوفانی بارشوں کا سامنا کر رہا ہے۔ اس موسمی صورتحال نے مُلک کے متعدد علاقوں میں سڑکوں کی بندش، بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ اور مواصلاتی نظام میں خلل پیدا کر دیا ہے۔
Share this content:


