پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے مختلف علاقوں میں اتوار کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
مظاہرین نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی، مینڈیٹ کی واپسی، عمران خان تک رسائی اور آئین کی بحالی کا مطالبہ کیا۔
دارالحکومت مظفر آباد، پٹہکہ، چناری، پونچھ، راولاکوٹ اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے، تاہم انتظامیہ کے مطابق کسی بھی مقام پر شٹر ڈاؤن یا امن و امان کی سنگین صورتحال پیش نہیں آئی۔
پٹہکہ میں پی ٹی آئی کے سکریٹری جنرل میر عتیق الرحمن کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جبکہ مظفرآباد شہرمیں احتجاج کی قیادت سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق نے کی۔
مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر عمران خان کی رہائی اور آئین کی بالادستی کے حق میں نعرے درج تھے۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ کو نظرانداز کیا گیا اور عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کا مقصد پرامن انداز میں اپنے مطالبات حکام تک پہنچانا ہے۔
پٹہکہ سب ڈویژن میں ہونے والے مظاہرے میں حلقہ کوٹلہ سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے تمام سٹیک ہولڈرز، بلدیاتی نمائندگان، ضلع کونسل کے ارکان، یونین کونسل کے چیئرمین، وارڈ ممبران، سابق ٹکٹ ہولڈرز کے علاوہ یوتھ ونگ، آئی ایس ایف، خواتین ونگ اور وکلا ونگ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مظاہرے پرامن رہے اور سکیورٹی کے مناسب انتظامات کیے گئے تھے۔
Share this content:


