بنگلہ دیش انتخابات میں بی این پی 151 نشستوں پر کامیاب قرار

بنگلہ دیش میں گذشتہ روز ہونے والے عام انتخابات میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے 300 میں سے 151 نشستیں حاصل کر لی ہیں جو اگلی حکومت بنانے کے لیے درکار اکثریت ہے۔

بنگلہ دیش کے لوگوں کی صبح کا آغاز اس خبر سے ہوا ہے کہ بی این پی برتری حاصل کر رہی ہے اور اگلی حکومت بنانے کے قریب ہے۔

کہا جارہا ہے کہ بی این پی کے رہنما طارق رحمان ملک کے اگلے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔

یہ ان کے لیے ایک بڑا تبدیلی والا لمحہ ہے۔ پچھلے 2024 کے انتخابات میں وہ خودساختہ جلاوطنی کاٹ رہے تھے اور لندن میں تھے اور ان کی جماعت نے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کیا تھا، جبکہ ہزاروں کارکنان اور حمایتی جیلوں میں تھے۔

اب، بنگلہ دیش کے طلبہ اور نوجوانوں کی جدوجہد کے باعث، جنھوں نے شیخ حسینہ کے سالوں پر محیط آمرانہ دور کو ختم کیا، طارق رحمان ملک کے اگلے رہنما بن سکتے ہیں۔

الیکشن میں نیشنل سیٹیزنز پارٹی (این سی پی) کے امیدوار ناہید اسلام نے ڈھاکہ 11 حلقے سے جیت حاصل کی اور جماعتِ اسلامی کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔

بی بی سی بنگلہ کے مطابق وہ غیر سرکاری طور پر جیت گئے ہیں اور انھوں نے کل 93,872 ووٹ حاصل کیے۔

ان کے قریبی حریف، بی این پی کے امیدوار ایم اے قیوم نے 91,833 ووٹ حاصل کیے، جو ناہید اسلام سے 2,039 ووٹ کم ہیں۔

ڈھاکہ کے ڈویژنل کمشنر شرف الدین احمد چودھری نے جمعہ کی صبح نتائج کا اعلان کیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ اس حلقے میں 44.72 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

Share this content: