جماعتِ اسلامی کا انتخابات کے نتائج پراعتراض ،انتخابات ’غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد ہیں،بنگلہ دیش الیکشن کمیشن

بنگلہ دیش میں گذشتہ روز ہونے والے عام انتخابات میں بی این پی نے 300 میں سے 151 نشستیں حاصل کر لی ہیں جو اگلی حکومت بنانے کے لیے درکار اکثریت ہے۔

دوسری جانب بی این پی کی اہم حریف جماعتِ اسلامی نے ووٹ گننے کے عمل پر دوبارہ سوالات اٹھائے ہیں۔

جماعت اسلامی نے آج ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم انتخابات کے نتائج کے عمل سے مطمئن نہیں ہیں۔‘

جماعت نے سب سے صبر و تحمل اختیار کرنے کی بھی اپیل کی۔

بی این پی نے ملک کے تاریخی انتخابات میں فتح کا دعویٰ کیا ہے، اور نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اکثریت حاصل کرنے کی راہ پر ہے۔

جبکہ بنگلہ دیش کے الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کو ’غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد‘ قرار دیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نصیر الدین نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ’میں خود کو مطمئن محسوس کر رہا ہوں۔ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ پُرجوش ماحول میں انتخابات کرائیں گے اور قوم کو مکمل طور پر غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد الیکشن دیں گے، اور ہمارا یقین ہے کہ ہم نے یہ ہدف حاصل کر لیا ہے۔ ہر کوئی اس کا اعتراف کر رہا ہے۔‘

انھوں نے ووٹرز، سیاسی رہنماؤں اور صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب کے تعاون سے قابلِ قبول انتخابات ممکن ہو سکے۔

دوسری جانب سابق حکمران جماعت شیخ حسینہ کی عوامی لیگ کے حامیوں نے ووٹ کے بائیکاٹ کی اپیل کی تھی، کیونکہ جماعت کو انتخاب لڑنے سے روک دیا گیا تھا۔

Share this content: