ضلع مظفرآباد کے علاقہ کھاوڑہ میں کشیدگی،کراس فائرنگ سے راہگیر ہلاک

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع مظفرآباد حلقہ پانچ کھاوڑہ کی یونین کونسل چڑکپورہ میں گجر برادری اور راجگان برادری کے درمیان تصادم کے دوران کراس فائرنگ سے ایک بے گناہ راہگیر جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں برادریوں کے درمیان اچانک جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ اس دوران وہاں سے گزرنے والا راہگیر بشیر مغل گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

مقتول کا تعلق ڈھارہ مغلاں، چڑکپورہ سے بتایا جاتا ہے اور وہ روزمرہ کے معمول کے مطابق پیدل جا رہا تھا کہ اس افسوسناک واقعے کا شکار بن گیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی افراد نے فوری طور پر حکام سے نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ علاقے میں مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق دونوں برادریوں کے درمیان پرانا تنازع بھی اس واقعے کی ایک ممکنہ وجہ ہو سکتا ہے، تاہم حتمی حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

Share this content: