پاکستانی کشمیر : عوامی ایکشن کمیٹی کا اجلاس، الیکشن سمیت اہم امور پر اعلامیہ جاری

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع باغ میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کے اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں خطے کی سیاسی، سماجی اور انتظامی صورتحال سے متعلق متعدد اہم نکات اٹھائے گئے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آنے والے انتخابات پر تفصیلی غور کیا گیا اور شرکائے اجلاس سے انتخابی عمل کے حوالے سے رائے لی گئی جسے کور۔ کمیٹی کے اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا ۔

اجلاس میں گزشتہ دنوں نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے JAAC کے ایک کور ممبر شوکت نواز میر کے خلاف درج ایف آئی آر کی مذمت کی گئی اور اسے سیاسی دباؤ کا ہتھکنڈا قرار دیا گیا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) اور دیگر پابندیوں کی فہرستوں میں شامل پاکستان زیر انتظام کشمیر کے نوجوانوں کے نام فوری طور پر نکالے جائیں۔

اجلاس میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور آٹے کے معیار کو بہتر بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں گلگت بلتستان ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ سروس کے ناقص معیار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر حکومت کو سابقہ معاہدہ یاد دلاتے ہوئے کہا کہ اس میں تمام سیاسی مقدمات اور ایف آئی آرز کے خاتمے کی شق شامل تھی، جس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔

اعلامیے میں حریت رہنما آسیہ اندرابی کے خلاف بھارت کی جانب سے دی گئی سزا کی مذمت کی گئی، جبکہ ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کو بھی خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔

Share this content: