پاکستان میں کشمیری نوجوان دوران ڈکیتی قتل

اسلام آباد / کاشگل نیوز

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے تھانہ کورال کی حدود میں ڈکیتی کے دوران قتل کی افسوسناک واردات نے شہر میں سیکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ گزشتہ رات پیش آنے والے اس واقعے میں ایک نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، جس کے بعد عوامی حلقوں میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر ایک شہری سے موٹر سائیکل اور نقدی چھین لی۔ مزاحمت یا مبینہ طور پر شناخت کے خدشے پر ڈاکوؤں نے شہری کو گولی مار دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

ملزمان واردات کے بعد بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت بلال ولد فاروق کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق پاکستان زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع مظفرآباد سے بتایا جاتا ہے۔ لاش کو ہسپتال منتقل کرکہ ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ورثاء لاش لیکر دفنانے کے لئے مظفرآباد روانہ ہوگے۔ جبکہ پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

گزشتہ رات اسی واقعے پر ابتدائی خبر سامنے آئی تھی، تاہم تازہ تفصیلات کے بعد اس اندوہناک واقعے نے شہریوں میں خوف و ہراس کو مزید بڑھا دیا ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد جیسے حساس اور اہم شہر میں اس نوعیت کی وارداتیں سیکیورٹی کے ناقص انتظامات اور پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

Share this content: