آزاد کشمیر کی تشویشناک صورتحال کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھایا جائے گا، محمود اچکزئی

اسلام آباد/کاشگل نیوز

پاکستان کے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور چیئرپرسن جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی (JKDP) ایڈووکیٹ نبیلہ ارشاد کے درمیان آزاد کشمیر کی مجموعی کشیدہ صورتحال پر ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ کشیدہ صورتحال، عوامی احتجاج اور امن و امان کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دوران اپوزیشن لیڈر نے معاملہ قومی اسمبلی میں فوری طور پر اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ٹیلیفونک گفتگو میں ایڈووکیٹ نبیلہ ارشاد نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرامن مظاہرین پر فائرنگ اور عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والوں کو کالعدم یا ریاست مخالف قرار دینا ایک غیر جمہوری اور افسوسناک طرزِ عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اور عوامی مسائل کا حل طاقت کے بجائے مکالمے، برداشت اور جمہوری اصولوں کے تحت نکالا جانا چاہیے۔

انہوں نے اپوزیشن لیڈر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سنگین معاملے کو فوری طور پر قومی اسمبلی میں اٹھائیں۔

Share this content: