کشمیر میں عوامی مارچ، مختلف علاقوں سے ہزاروں افراد قافلوں کی صورت میں روانہ

راولاکوٹ/کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں عوامی مطالبات کے حق میں جاری تحریک کے تحت مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق میرپور، بھمبر، کوٹلی، سماہنی، ڈڈیال، تتہ پانی، کھوئی رٹہ، منڈول، ہجیرہ، تراڑ کھل، پلندری اور ٹائیں سمیت دیگر علاقوں سے قافلے راولاکوٹ اور مظفرآباد کی جانب رواں ہیں۔

شرکاء اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں جبکہ راستے میں مختلف مقامات پر مقامی افراد کی جانب سے ان کا استقبال بھی کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے نافذ کردہ دفعہ 144 کے باوجود مظاہرین کی بڑی تعداد احتجاجی سرگرمیوں میں شریک ہے۔

مظاہرین کا مؤقف ہے کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ادھر گزشتہ روز کوٹلی میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے بعد کشیدگی برقرار ہے۔

مختلف ذرائع کی جانب سے جانی و مالی نقصانات کے متضاد دعوے سامنے آئے ہیں جن کی سرکاری سطح پر مکمل تصدیق نہیں ہو سکی۔ اس کے باوجود احتجاجی قافلے اپنی منزل کی جانب پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور راستے میں مزید افراد ان میں شامل ہو رہے ہیں۔

Share this content: