بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کے زیرِ اہتمام لندن کے علاقے ویسٹ منسٹر میں 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ اور کینڈل لائٹ ویجل کا انعقاد کیا گیا۔ اس مظاہرے کا مقصد بلوچستان کے علاقے سوراب میں قابض پاکستانی فضائی فوج کے حملوں میں شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کرنا اور متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔
مظاہرین کے مطابق 12 اگست کو سوراب میں کی جانے والی پاکستانی فضائی فوج کی کارروائیوں میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت عام شہری مارے گئے۔ احتجاج کے دوران شرکاء نے شمعیں روشن کر کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، جبکہ عالمی برادری سے ہلاکتوں کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کو جواب دہ بنانے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر بی این ایم برطانیہ چیپٹر کے صدر منظور بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس احتجاج کا بنیادی مقصد عالمی برادری کو بلوچستان کی سنگین صورتحال سے آگاہ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری کشیدگی کا پائیدار حل بلوچ قوم کے حقِ آزادی کو تسلیم کرنے میں مضمر ہے۔
بی این ایم کے شعبہٴ امورِ خارجہ کے کوآرڈینیٹر نیاز بلوچ نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کا فوری نوٹس لے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو فراہم کی جانے والی مالی و عسکری امداد کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ یہ وسائل عام شہریوں کے خلاف استعمال نہ ہو سکیں۔
Share this content:


