بحرین کی ایک عدالت نے ایران سے روابط اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت 64 شیعہ مسلمانوں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے، جن میں 47 علما شامل ہیں۔
برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم بحرین انسٹیٹیوٹ فار رائٹس اینڈ ڈیموکریسی (بی آئی آر ڈی) کے مطابق منامہ کی ہائی کریمنل کورٹ نے مزید پانچ افراد کو 15، 15 سال قید کی سزائیں بھی سنائی ہیں۔
بحرین کے اٹارنی جنرل نے سزاؤں کی تصدیق کی ہے، تاہم انھوں نے مقدمے میں نامزد افراد کی تعداد یا ان کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان پر ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے منسلک ایک دہشت گرد تنظیم قائم کرنے کا الزام تھا۔
بی آئی آر ڈی نے ان فیصلوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمے میں تشدد، زبردستی اعترافِ جرم کرانے اور ملزمان کو اپنے دفاع کے مواقع محدود کیے جانے کے سنگین اور قابلِ اعتبار الزامات سامنے آئے ہیں۔
سنی حکمران خاندان کے زیرِ اقتدار بحرین میں فروری میں امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سے مبینہ طور پر سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں زیادہ تر ملک کی شیعہ اکثریت سے تعلق رکھتے ہیں اور ان پر جاسوسی اور دہشت گردی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے ایران کے ’دشمن اور مجرمانہ اقدامات سے ہمدردی اور ان کی تعریف‘ کرنے کے الزامات کے تحت درجنوں افراد کی بحرینی شہریت بھی ختم کی جا چکی ہے۔
جنگ کے دوران ایران نے بحرین اور دیگر خلیجی عرب ممالک کو ہزاروں میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں۔ اتوار کو بحرین کی فوج نے کہا تھا کہ اس نے ایران کے کئی فضائی حملوں کو ناکام بنایا ہے۔
بی آئی آر ڈی کے مطابق پیر کو سزا پانے والے ملزمان میں سے 56 کو مئی اور جون میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ان میں 47 شیعہ مذہبی رہنما شامل ہیں، جن میں شیخ محمد سنقور اور شیخ علی السعدادی بھی شامل ہیں۔ یہ دونوں دراز کے امام صادق گرینڈ مسجد میں جمعے کی نماز کی امامت کرتے رہے ہیں۔ ان کے علاوہ راس رمان کی گرینڈ مسجد کے سابق امام سید موسیٰ الوداعی بھی ملزمان میں شامل ہیں۔
دیگر نو افراد کا تعلق ان مذہبی رہنماؤں سے تھا، جن میں مذہبی مجالس میں نوحہ اور مرثیہ پڑھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔
تنظیم کے مطابق باقی 13 ملزمان کے خلاف ان کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا۔ ان میں جلاوطن مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم بھی شامل ہیں، جنھیں بحرین کی شیعہ برادری کا روحانی رہنما سمجھا جاتا ہے۔ بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے بیشتر افراد ایران میں موجود ہیں۔
64 ملزمان پر دہشت گرد تنظیم قائم کرنے اور آئین کی بعض شقوں کو معطل کرنے اور نظامِ حکومت تبدیل کرنے کا مطالبہ کرنے سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے تھے۔
استغاثہ کے مطابق یہ گروہ ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) سے منسلک تھا۔ ملزمان پر دہشت گردانہ کارروائیوں پر اکسانے اور ایران کے مذہبی و سیاسی نظام کی بنیاد سمجھے جانے والے نظریے ’ولایتِ فقیہ‘ کو فروغ دینے کا الزام بھی تھا۔
اٹارنی جنرل اور دہشت گردی کے مقدمات کے استغاثہ کے سربراہ کے مطابق عدالت نے تمام ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 15 سال قید سے لے کر عمر قید تک کی سزائیں سنائیں۔
عدالت نے بعض ملزمان پر دو لاکھ 65 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا جبکہ دو کروڑ 12 لاکھ ڈالر ضبط کرنے کا حکم دیا، جسے فلاحی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
بی آئی آر ڈی کے ڈائریکٹر سید احمد الوداعی نے ان فیصلوں کو ’انتہائی غیر منصفانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بحرین کی شیعہ برادری کے عقیدے اور شناخت پر حملہ ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے مذہبی رہنماؤں کی دفاعی ٹیموں کے قریبی ایک شخص کے حوالے سے بتایا کہ سنائی گئی سزائیں ان کے تصور سے بھی زیادہ سخت ہیں۔
Share this content:


