بلوچستان کے مختلف اضلاع مستونگ، پنجگور اور نوشکی میں پاکستانی فوج اور تجارتی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے سلسلہ وار واقعات میں 3 فوجی اہلکار ہلاک اور کم از کم 17 زخمی ہو گئے ہیں۔
مستونگ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر کھڈکوچہ کے علاقے گرو کے مقام پر سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے فورسز کا ایک اہلکار ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔
دھماکے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا اور شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر کے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے کارروائی شروع کی گئی۔
پنجگور میں گزشتہ شب 125 ونگ پر مسلح افراد نے حملہ کیا۔ کیمرے اور کمیونیکیشن ٹاور کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں نائک فیصل ہلاک جبکہ سپاہی اشتیاق، سراج، عابد اور لانس نائک علی سمیت 9 اہلکار زخمی ہو گئے۔
نوشکی کے قریب سلطان چڑھائی کے مقام پر مسلح افراد نے شدید فائرنگ کر کے 2 تجارتی گاڑیوں کو ناکارہ بنا دیا۔ بعد ازاں، پیش قدمی کرنے والے فوج کے پیدل اہلکاروں پر راکٹوں اور بھاری ہتھیاروں سے حملے کیے گئے۔
اس سے قبل چاغی کے علاقے دالبندین میں بھی مسلح افراد نے شاہراہ کا کنٹرول سنبھال کر کوئٹہ تفتان روٹ کی 5 تجارتی گاڑیاں اپنے قبضے میں لے لیں۔
ان تمام واقعات کی ذمہ داری فی الحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے
Share this content:


