لندن میں کشمیری کمیٹی کا ڈاؤننگ اسٹریٹ سے ٹریفالگر اسکوائر تک بڑا احتجاجی مارچ

برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی نے 20 ستمبر کولندن میں ایک عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کا مقصد پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں فورسز کی جانب سے غیر مسلح شہریوں کے قتل، طاقت کے بے جا استعمال، گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔

مظاہرے میں شرکت کے لیے برطانیہ کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں کشمیریوں نے سفر کیا، جن میں خواتین، بچے، نوجوان اور بزرگ شامل تھے۔ مظاہرین وزیراعظم برطانیہ کی سرکاری رہائش گاہ "10 ڈاؤننگ اسٹریٹ” کے باہر جمع ہوئے، جہاں انہوں نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں جاری صورتحال کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

اس موقع پر مطاہرین نے ڈاؤننگ اسٹریٹ میں "غیر ملکی افواج واپس جاؤ” "پاکستانی افواج واپس جاؤ” ، "کشمیر میں قتل و غارت گری بند کرو”کے نعرے لگائے ۔

مظاہرے میں شریک خواتین اور بچوں نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر عوامی حقوق کی تحریک کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے انصاف، جبری گمشدگیوں کا خاتمہ، گرفتار افراد کی فوری رہائی و بازیابی اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے مطالبات درج تھے۔

ڈاؤننگ اسٹریٹ پر احتجاج کے بعد مظاہرین نے ایک ریلی کی شکل میں وسطی لندن سے مارچ کیا، جو تاریخی ٹریفالگر اسکوائر (Trafalgar Square) پر جا کر اختتام پذیر ہوا۔

مظاہرین نے کہا کہ اس احتجاج کا بنیادی مقصد برطانوی حکومت، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری کی توجہ پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کی موجودہ ابتر صورتحال کی جانب مبذول کرانا اور متأثرہ خاندانوں کے لیے انصاف کا حصول ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی حکومت نے بھی حالیہ ہفتوں کے دوران خطے میں شہریوں کی ہلاکتوں، گرفتاریوں اور المواصلاتی پابندیوں کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور تمام فریقین سے انسانی حقوق کے احترام، ضبط و تحمل اور پرامن مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Share this content: