گلگت: الیکشن ٹربیونل نے جی بی 16 دیامیر 2 کے عطاء اللہ کو کامیاب امیدوار قرار دے دیا

گلگت/ کاشگل نیوز

الیکشن ٹربیونل گلگت بلتستان نے حلقہ GBA-16 دیامر-II کی انتخابی عذرداری پر حتمی فیصلہ سناتے ہوئے عطاء اللہ ولد وہاب شاہ کو کامیاب امیدوار قرار دے دیا۔ ٹربیونل نے جواب دہندہ نمبر ایک کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو عطاء اللہ کی کامیابی کا باضابطہ اعلامیہ جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

جسٹس مشتاق محمد پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ 18 ستمبر 2026 کو سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان نے جواب دہندہ نمبر ایک کی جانب سے دائر انتخابی اپیل مسترد کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کا 11 ستمبر 2026 کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ سپریم اپیلیٹ کورٹ نے ٹربیونل کو مقابل امیدوار کی حقیقی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی حکم جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔

فیصلے کے مطابق ریٹرننگ آفیسر نے 11 ستمبر کو تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 ستمبر کو پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی، تصدیق اور حتمی نتیجے کی تیاری کے لیے طلب کیا، تاہم جواب دہندگان نمبر ایک اور دو خود یا اپنے مجاز نمائندوں کے ذریعے کارروائی میں شریک نہیں ہوئے۔

ٹربیونل نے قرار دیا کہ اگر کسی فریق کو پوسٹل بیلٹ پیپرز کے ریکارڈ، گنتی یا تصدیقی عمل پر اعتراض تھا تو اسے کارروائی کے وقت موجود رہ کر ریٹرننگ آفیسر کے سامنے اپنا اعتراض ریکارڈ کرانا چاہیے تھا۔ بعد ازاں اسی کارروائی پر اعتراض اٹھانا قابلِ قبول نہیں۔

فیصلے میں مزید قرار دیا گیا کہ پوسٹل بیلٹ پیپرز کے ریکارڈ میں کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ یا ریکارڈ میں ردوبدل کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ ٹربیونل کے مطابق ریکارڈ محفوظ، درست حالت میں اور سربمہر پایا گیا۔

الیکشن ٹربیونل نے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے 13 ستمبر 2026 کو مکمل کیے گئے عمل اور تیار کردہ حتمی یکجا شدہ نتیجے کو تسلیم کرتے ہوئے انتخابی عذرداری منظور کرلی اور عطاء اللہ ولد وہاب شاہ کو حلقہ GBA-16 دیامر-II سے کامیاب امیدوار قرار دے دیا۔

حکم کے تحت چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو ہدایت کی گئی ہے کہ فارم 49 میں درج 13 ستمبر کے حتمی یکجا شدہ نتیجے کی بنیاد پر الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 98 کے تحت عطاء اللہ ولد وہاب شاہ کی کامیابی کا باضابطہ اعلامیہ جاری کیا جائے۔

ٹربیونل نے 19 جون 2026 کو جاری کیے گئے سابقہ اعلامیے کو بھی اس حد تک منسوخ قرار دے دیا جس میں جواب دہندہ نمبر ایک کو حلقہ GBA-16 دیامر-II کا کامیاب امیدوار قرار دیا گیا تھا۔

یوں الیکشن ٹربیونل کے حتمی فیصلے کے بعد حلقہ GBA-16 دیامر-II کے انتخابی نتیجے میں تبدیلی کرتے ہوئے عطاء اللہ ولد وہاب شاہ کو کامیاب امیدوار قرار دے دیا گیا ہے۔

Share this content: