راولاکوٹ میں پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار ہلاک ،حالات کشیدہ

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں اٹک پٹرول پمپ، بس ٹرمینل کے قریب مبینہ رینجرز ناکے پر پاکستانی فورسز کی جانب سے موٹرسائیکل سواروں پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرے کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ منگل کی شام تقریباً ساڑھے چار بجے اٹک پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا، جہاں رینجرز کا ناکہ قائم تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار ایک شخص کو گولی لگی، جس سے وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، جبکہ دوسرا سوار زخمی ہوا ہے۔ زخمی شخص کی حالت اور شناخت کے بارے میں فوری طور پر مزید معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ہلاک شخص کی لاش کو موقع سے اٹھانے میں بھی رکاوٹ کا سامنا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق لاش اٹھانے کی کوشش کرنے والوں پر بھی مبینہ طور پر فائرنگ کی گئی، تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

واقعے کی وجوہات کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ بعض ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل سواروں کو ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تھا، تاہم وہ نہیں رکے، جبکہ واقعے کے دیگر محرکات کے بارے میں بھی اطلاعات زیر گردش ہیں۔

فائرنگ کے واقعے کی مکمل تفصیلات ہلاک اور زخمی شخص کی شناخت اور فائرنگ کے اصل محرکات تاحال واضح نہیں ہو سکے۔

واقعے کے حوالے سے فورسز یا انتظامیہ کا باضابطہ مؤقف سامنے آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔

Share this content: