پلندری اور راولاکوٹ میں جیک کے پنڈال سج گئے، پولیس کی فائرنگ ،رہنمائوں کے گھروں پر چھاپے

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں عوامی حقوق کی تحریک کے سلسلے میں پلندری اور راولاکوٹ کے مقبول بٹ شہید چوک میں عوامی ایکشن کمیٹی کے تحت تاریخ ساز جلسوں کے لیے ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہو چکے ہیں، جبکہ مختلف علاقوں سے عوامی قافلوں کی آمد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق نام نہاد صدر کے اپنے آبائی حلقے میں آمد کے تناظر میں پلندری میں شدید عوامی مقاومت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ آزاد پتن سے پلندری جانے والی مرکزی شاہراہ کو جگہ جگہ سے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

گلکوٹ کے مقام پر پولیس نے راستے کھلوانے کے لیے شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، تاہم شدید شیلنگ اور فائرنگ کے باوجود عوامی مزاحمت کے باعث روڈ نہ کھلوائی جا سکی۔

پلندری اور اطراف کے علاقوں میں ہر طرف فائرنگ اور کشیدگی کا ماحول ہے اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ صدر کے پاس پلندری میں داخلے کے لیے صرف ٹاہلیان کا راستہ بچا ہے جہاں پہلے سے ہی عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنان اور مزاحمت کار راستے بلاک کیے ان کا انتظار کر رہے ہیں۔ تمام تر ریاستی رکاوٹوں کے باوجود دوپہر 2 بجے پلندری میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی جس کے بعد جلسے کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

دوسری جانب نیلم ویلی کے علاقے کٹن میں پولیس نے نجی املاک اور انسانی حقوق کی شدید پامالی کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران سجاد میر اور چوہدری عمران کے گھروں پر بھاری نفری کے ساتھ چھاپہ مارا۔

اہلخانہ کے مطابق پولیس اہلکار چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں میں داخل ہوئے اور تلاشی کے نام پر موبائل فونز، نقد رقم اور قیمتی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔

Share this content: