گلگت/ کاشگل نیوز
محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان نے علاقائی اخبارات کے چیف ایڈیٹرز کو ہدایت کی ہے کہ اضلاع کی سطح پر کام کرنے والے تمام صحافیوں اور نامہ نگاروں کی باقاعدہ تعیناتی کے ساتھ انہیں مناسب معاوضہ بھی فراہم کیا جائے۔
محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ مراسلے، نمبر DIR-INFO-1(18)/2025، میں پریس کلب غذر کی جانب سے 2 اکتوبر 2026 کو منظور کی گئی متفقہ قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ضلعی سطح پر صحافیوں کو درپیش مشکلات اور ان کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں کام کرنے والے نامہ نگار عوامی مسائل، حکومتی سرگرمیوں اور مفادِ عامہ سے متعلق اہم خبریں بروقت میڈیا تک پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی خدمات کا مناسب اعتراف اور پیشہ ورانہ حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔
محکمہ اطلاعات نے علاقائی اخبارات کے مالکان اور چیف ایڈیٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ اضلاع میں تعینات تمام نامہ نگاروں کو باقاعدہ معاہدے کے تحت مقرر کریں اور حکومت کے مقرر کردہ قوانین کے مطابق کم از کم اجرت کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ مراسلے میں نامہ نگاروں کے جائز پیشہ ورانہ اخراجات کی فراہمی پر بھی زور دیا گیا ہے۔
محکمہ اطلاعات کے مطابق اس اقدام سے ضلعی سطح پر پیشہ ورانہ صحافت کو فروغ دینے اور اسے مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ گلگت بلتستان کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کے عوامی مسائل کو قومی و علاقائی میڈیا میں مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا عمل بھی بہتر ہوگا۔
Share this content:


