ریڑہ میں مکمل لاک ڈاؤن، مظفرآباد اور باغ میں فورسز کا فلیگ مارچ، زبردستی دکانیں کھلوانے کی کوشش

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں موجودہ صورتحال کے دوران مظفرآباد شہر کی بیشتر مارکیٹیں کھلی ہیں، جبکہ اہم چوکوں اور چوراہوں پر سیکیورٹی فورسز کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں فلیگ مارچ بھی کیا جا رہا ہے۔

اندرونِ شہر کے علاوہ بین الاضلاعی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی تاحال بحال ہے، تاہم ورکنگ ڈے ہونے کے باعث سڑکوں پر معمول کے مقابلے میں ٹریفک بہت کم دکھائی دے رہی ہے۔

دوسری جانب ضلع باغ میں صبح دس بجے تک بیشتر مارکیٹیں بند رہیں، تاہم اس کے بعد دکانیں اور کاروباری مراکز بتدریج کھلنا شروع ہوگئے۔ باغ سے مظفرآباد اور اسلام آباد جانے والی ٹرانسپورٹ بھی بحال ہے۔

متعدد دکانداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دکانیں کھولنے کے لیے مبینہ طور پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ دکانداروں کے مطابق انہیں کہا جا رہا ہے کہ اگر دکانیں نہ کھولیں گئیں تو انہیں سیل کر دیا جائے گا۔

مقامی ذرائع کے مطابق ضلع باغ میں متعدد دکانوں کو سیل کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

ادھر ضلع باغ کی نواحی تحصیل ریڑہ میں صورتحال مختلف ہے، جہاں مقامی ذرائع کے مطابق مکمل لاک ڈاؤن کی صورتحال برقرار ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز راولاکوٹ سے ملحقہ علاقہ سنگولہ سے نکلنے والے جیک کے مظاہرین نے ضلع باغ کے جنوب میں پڑاو ڈالا ہوا ہے مقامی ذرائع کے مطابق دن دو بجے مشاورت کے بعد یہ مظاہرین اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

یاد رہے گزشتہ روز حکومت کی جانب سے کلعدم قرار دی جانے والی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے خطے بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے پہیہ جام شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

Share this content: