عوامی ایکشن کمیٹی کے مزید 20 کارکنان اور صحافی اجمل شاہین کے نام فورتھ شیڈول میں شامل

پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کی حکومت نے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JK-JAAC) سے وابستہ مزید 20 کارکنان اور ایک صحافی اجمل شاہین کا نام انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 2014 کے تحت فورتھ شیڈول میں شامل کر دیا ہے، جبکہ ایک شخص کا نام فہرست سے خارج کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق 29 اور 30 ستمبر اور یکم اکتوبر 2026 کو جاری ہونے والے احکامات کے تحت مجموعی طور پر 21 افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشنز میں ان افراد کو جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنان قرار دیا گیا ہے۔

فورتھ شیڈول میں شامل کیے جانے والوں میں ضلع نیلم سے محمد حنیف ولد رحمت اللہ اور فضل الرحمان ولد مرزا، ضلع باغ سے منصور الحق ولد محمد الطاف خان، ضلع پونچھ سے راجہ ساجد عزیز، محمد زاہد اللہ خان، عبدالحنان خان، محمود احمد، خرم شہزاد، مفتی عبدالحلیم، اجمل شاہین، ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کمانڈر خالد، جبران اور سبیل طارق شامل ہیں۔

اسی طرح ضلع سدھنوتی سے اشفاق احمد، ضلع کوٹلی سے محمد شوکت، جبکہ ضلع مظفرآباد سے سمائرہ جہانگیر، محمد جہانگیر خان، محمد تنویر جہانگیر، توقیر جہانگیر، ذیشان کیانی اور محمد کیانی کے نام بھی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔

فہرست میں شامل اجمل شاہین کا تعلق ضلع پونچھ سے بتایا گیا ہے۔ اجمل شاہین کارکن صحافی کے طور پر گزشتہ کئی برس سے کام کر رہے ہیں یہ پہلا واقعہ نہیں اس سے قبل ضلع پونچھ سے متعدد ورکنگ جرنلسٹ کے نام فورتھ شیڈیول میں شامل کیے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ نے ضلع حویلی سے تعلق رکھنے والے راجہ کوکب شہزاد راٹھور ولد راجہ ایوب شہزاد راٹھور کا نام فورتھ شیڈول سے فوری طور پر خارج کرنے کا حکم دیا ہے۔ متعلقہ حکام کو نگرانی اور سرکاری ریکارڈ میں ضروری تبدیلیاں کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

فورتھ شیڈول میں نام شامل کیے جانے اور خارج کرنے سے متعلق یہ احکامات محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔

Share this content: