بنیادی حقوق کے مطالبات پر عمل درآمد کے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے، عوام مسلسل مزاحمت کر رہی ہے، سردار عمر نذیر کشمیری

پاکستان زیرِ انتظام جموں و کشمیرمیں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما سردار عمر نذیر کشمیری نے کہا ہے کہ پاکستان زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں 5 جون سے اب تک پُرامن کشمیریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شاہ زیب حبیب شہید سے لے کر اشفاق احمد شہید تک، اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں نے عوام کے بنیادی حقوق کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

اپنے بیان میں سردار عمر نذیر کشمیری نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ چار ماہ سے مسلسل کشیدہ صورتِ حال کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں کسی بھی شخص کو یہ خدشہ لاحق ہے کہ کب گولی اس کی جان لے لے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی جانب سے مسلط کردہ اس صورتِ حال کے باوجود عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ بنیادی حقوق کے مطالبات پر عمل درآمد کے بغیر کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھمبر سے تاؤبٹ تک فورسز کی بڑی تعداد موجود ہے، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے، دکانیں زبردستی کھلوائی جا رہی ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر بلیک میلنگ کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ان حالات کے باوجود عوام اپنے حقوق کے لیے مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سردار عمر نذیر کشمیری نے کہا کہ شہداء کا لہو رنگ لائے گا اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر امید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت سے عوام اپنی جدوجہد میں سرخرو ہوں گے۔

Share this content: