بلوچستان : پاکستان کوسٹ گارڈ پر حملے کی ویڈیو جاری ، بی ایل اے نے ذمہ داری قبول کرلی

پاکستان کے زیر انتظام بلوچستان میں آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے گوادر کے ساحلی علاقے جیونی میں پاکستانی کوسٹ گارڈز کی دو بڑی پیٹرولنگ کشتیوں پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے حملے کی دو منٹ دورانیے کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔

بی ایل اے کا دعویٰ ہے کہ اس کارروائی میں کوسٹ گارڈز کے 13 اہلکار موقع پر ہلاک ہوئے ہیں۔

بی ایل اے کے آفیشل میڈیا چینل ’’ہکل‘‘ کی جانب سے جاری کردہ دو منٹ کی ویڈیو میں مسلح افراد کو ایک جدید اسلحے سے لیس کشتی میں سوار دیکھا جا سکتا ہے۔

ترجمان جیئند بلوچ کے مطابق یہ بی ایل اے کی خصوصی بحری یونٹ ’’حمل میری ٹائم ڈیفنس فورس‘‘ (HMDF) کے سرمچار تھے، جنہوں نے جیونی میں پاکستانی کوسٹ گارڈز کی گشتی کشتیوں کو بیک وقت اور منظم انداز میں نشانہ بنایا۔

ترجمان کے مطابق بی ایل اے نے اپنے ساحل و وسائل کے تحفظ اور عسکری دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے رواں سال 13 اپریل 2026 کو اس باقاعدہ بحری ونگ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

اس یونٹ کو سولہویں صدی کے عظیم بلوچ بحری مزاحمتی کردار حمل جیئند بلوچ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جنہوں نے پرتگالیوں کے خلاف بحری مزاحمت کی بنیاد رکھی تھی۔

جیونی میں کی جانے والی یہ کارروائی اس یونٹ کی دوسری بڑی کارروائی ہے۔ اس سے قبل 12 اپریل 2026 کو جیونی کے مقام ’مِل تیاب‘ کے قریب پہلی بحری کارروائی میں پاکستانی بحری گشتی کشتی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں تین اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

ترجمان جیئند بلوچ کا کہنا ہے کہ فورس کا مقصد ساحلوں کا دفاع اور سمندر میں دشمن کی نقل و حرکت کو ناکام بنانا ہے۔ بی ایل اے کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلی معلومات جلد جاری کی جائیں گی۔

درج ذیل لنک پر ویڈیو کو ملاحظہ کیا جاسکتا ہے :

https://archive.org/details/hmdf-jiwani-attack-3

Share this content: