باغ دھماکہ:پولیس کو رات گئے اطلاع دی گئی مگر سیکیورٹی خدشات کے باعث وہ موقع پر نہ پہنچ سکی

اسٹوری: فرحان طارق

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع باغ کے گاؤں بندی میں 29 اکتوبر کی رات ہونے والے دھماکے نے ایک خاندان کو اجاڑ دیا۔ واقعے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک جبکہ ایک بچی زخمی ہوئی۔

واقعے کے بعد متاثرہ خاندان کے افراد صدمے کی کیفیت میں ہیں۔ خاندان کے ایک رشتہ دار کے مطابق، انہیں واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد جب وہ صبح جائے وقوعہ پر پہنچے تو پولیس کی آمد اور ابتدائی کارروائی سے متعلق اہلِ خانہ سے معلومات حاصل کیں۔

متاثرہ خاندان کے ایک رشتہ دار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ صبح تقریباً چھ یا سات بجے جائے وقوعہ پر پہنچے۔ ان کے مطابق، انہوں نے گھر والوں سے پوچھا کہ آیا انہوں نے پولیس کو اطلاع دی تھی یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اہلِ خانہ نے انہیں بتایا کہ پولیس کو رات ہی اطلاع دے دی گئی تھی، تاہم پولیس نے جواب دیا کہ سیکیورٹی کی ضرورت کے باعث وہ اس وقت موقع پر نہیں پہنچ سکتے۔

رشتہ دار کے مطابق، پولیس بعدازاں صبح تقریباً آٹھ بجے جائے وقوعہ پر پہنچی اور واقعے کی تفتیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے موقع پر موجود ایک چیز، جو ویڈیو میں بھی دکھائی دے رہی ہے، اپنی تحویل میں لے لی۔

انہوں نے بتایا کہ خاندان کے پاس بھی واقعے سے متعلق بعض ویڈیوز موجود ہیں، جو وہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

متاثرہ خاندان کے رشتہ دار کے مطابق، پولیس نے بعد میں دوبارہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور مزید تفتیش کی، تاہم ان کے بقول، تاحال خاندان کو تحقیقات کے حوالے سے کوئی نئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو وہ جائے وقوعہ کا دورہ بھی کروا سکتے ہیں تاکہ وہاں پیش آنے والے واقعے اور اس سے متعلق شواہد کو دیکھا جا سکے۔

اس دھماکے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی ہلاکت اور ایک بچی کے زخمی ہونے سے خاندان کو شدید صدمے کا سامنا ہے۔ تاہم، واقعے کی وجوہات اور دھماکے کی نوعیت سے متعلق حتمی تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔

انتباہ: اس فیچر میں شامل متاثرہ خاندان کے رشتہ دار اور عینی شاہد نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ ان کی درخواست اور شناخت کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ویڈیو میں ان کا چہرہ چھپایا گیا ہے۔ادارہ کاشگل نیوز

Share this content: