جموں کشمیر ہیومن رائٹس آبزرویٹری (JKHRO) نے 5 نومبر 2026 کو راولاکوٹ میں پاکستانی سیکورٹی فورسز کے آپریشن، فائرنگ اور مبینہ ڈرون / دھماکہ خیز مواد کے استعمال کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اپنی تفصیلی ہنگامی رپورٹ (ورژن 1.2) جاری کر دی ہے۔ ہائی کورٹ کے ایڈووکیٹ اور ہیومن رائٹس لاء کے ماہر یاسر شفاعت کی تیار کردہ اس رپورٹ میں شہریوں کے فوری تحفظ اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
جانی نقصان اور تصدیق شدہ حقائق
رپورٹ میں 5 نومبر کی شام (20:15 PST) تک کی معلومات کی بنیاد پر بتایا گیا ہے کہ JKHRO نے آزادانہ طور پر 3 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ 18 افراد کے شدید زخمی ہونے کی ابتدائی فہرست مرتب کی گئی ہے۔
تصدیق شدہ شہداء (آزادانہ تصدیق شدہ):
احتشام یونس (عمر 30 سال) — رہائش: چمبہ نار، راولاکوٹ
عاطف جرجیس (عمر 33-35 سال) — رہائش: چمبہ نار، راولاکوٹ
عادل رشید (عمر 32 سال) — رہائش: منگ موڑ، چھہرہ، راولاکوٹ
رپورٹ کے مطابق بعض ذرائع 5 سے 7 ہلاکتوں اور بچوں کی شہادت کا دعویٰ بھی کر رہے ہیں، تاہم JKHRO فی الحال ان کی آزادانہ تصدیق کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
زخمیوں کی تفصیلات
مقامی ذرائع کے ذریعے فراہم کردہ 18 زخمیوں کی فہرست میں قمر کفیل (ترار حسین کوٹ)، عثمان (بنجوسہ)، وقار شکیل (جندالی)، انس امین (جندالی)، سیام امجد (ہجیرا)، اعجاز خان (کھائی گلا)، وقاص ریاض (چروٹی ڈارک)، بلال محمود (ریڑھ بن)، احسن طارق (نامنوطہ)، سفیان (چھوٹا گلا)، عبداللہ (دھمنی)، احتشام محمد افراز (حسین کوٹ)، بلال (ریڑھ بن)، کامران رشید (میرپور)، یریرا (چک بارمنگ)، وسیم صادق (ترار)، عرفان (شمس آباد) اور زین خورشید (دیوی گلی) شامل ہیں۔
مٹیال میرا میں رہائشی مکان کی تباہی اور ڈرون حملے کا الزام
رپورٹ میں مٹیال میرا (Matiyalmera) میں ایک رہائشی مکان میں لگنے والی شدید آگ اور تباہی کی عکاسی کی گئی ہے۔ مقامی ذرائع نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ تباہی ڈرون (Unmanned Aircraft) کے ذریعے کیے گئے حملے کے نتیجے میں ہوئی۔ JKHRO نے متنازعہ مقام پر دھاتی اور پروں (fins) پر مشتمل غیر شناخت شدہ اشیاء کی تصاویر حاصل کی ہیں، جن کے فرانزک اور تکنیکی تجزیے کا عمل جاری ہے۔
بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ:
پُرامن اجتماع میں شریک شہریوں کو اقوام متحدہ کے شہریت و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے (ICCPR) کے آرٹیکل 6، 19، 21 اور 22 کے تحت تحفظ حاصل ہے۔
غیر متناسب اور بے دریغ طاقت کا استعمال، بشمول آبادی پر دھماکہ خیز مواد کا گرانا، سنگین جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔
اس واقعے کی مینیسوٹا پروٹوکول (Minnesota Protocol) کے تحت غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات ضروری ہیں۔
حکومتی و انتظامی حکام سے جواب طلب
JKHRO نے انسپکٹر جنرل آف پولیس (AJK)، سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ اور ڈپٹی کمشنر پونچھ/راولاکوٹ کو باضابطہ خط ارسال کرتے ہوئے 6 نومبر 2026 کو دوپہر 3:00 بجے (PST) تک واقعے کی وضاحت، آپریشن کے قانونی جواز، ڈرون و مہلک ہتھیاروں کے استعمال اور ایمبولینسز و طبی امداد کی فراہمی پر اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
Share this content:


