پاکستان کے زیرِ انتظام آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ نے ریاست بھر میں تمام قسم کے اسلحہ لائسنسوں کی فوری ازسرنو رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ کی جانب سے ایک باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اسلحہ لائسنس ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقے کے قریبی پولیس اسٹیشن جا کر فوری طور پر اپنے لائسنسوں کا اندراج کروائیں۔ متعلقہ ایس ایچ او اندراج کے بعد لائسنس ہولڈر کو رجسٹریشن سلپ فراہم کرے گا۔
حکومتی اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس نوٹیفکیشن کی اشاعت کے 10 دنوں کے اندر اندر جو لائسنس رجسٹرڈ نہیں کرائے جائیں گے، انہیں منسوخ تصور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ غیر رجسٹرڈ اسلحہ یا بارود رکھنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جائے گا اور ان کا اسلحہ ضبط کر لیا جائے گا۔
عوامی حلقوں کی جانب سے اس ناگہانی حکم نامے کو جاری کشیدگی اور عوامی تحریک کے پیشِ نظر شہریوں کی ناکہ بندی اور سخت انتظامی کنٹرول کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
Share this content:


