تحریر: رضوان اشرف
جنوبی افریقہ کی نسل پرستی کے خلاف تحریک (Anti Apartheid Movement ) دنیا کی سب سے بڑی اور کامیاب عوامی تحریکوں میں سے ایک ہے جو 46 سال تک جاری رہی اور باآخر کامیابی سے ہمکنار ہوئ۔ اپارتھائیڈ ایک سرکاری پالیسی تھی جو 1948 میں افریقن نیشنل پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد شروع کی گئ۔ اپارٹھائیڈ نظام کے تحت ملک کی سیاہ فام اکثریتی عوام کو بنیادی انسانی ، سیاسی اور معاشی حقوق سے محروم کر دیا گیا۔
سیاہ فاموں کو الگ بستیاں، الگ تعلیمی ادارے، الگ اسپتال اور الگ ٹرانسپورٹ استعمال کرنا پڑتی تھی۔ ووٹ دینے کا حق بھی چھین لیا گیا۔
اپارتھائیڈ قوانین میں سے ایک بدنام قانون” پاس لاز” تھا، جس کے تحت سیاہ فام شہریوں کو ہر وقت شناختی کتابچہ ساتھ رکھنا لازمی تھا اور بغیر اجازت "سفید فام علاقوں” میں داخل نہیں ہوسکتے تھے۔
اس نظام کے خلاف اٹھنے والے لوگوں کو پولیس اور فوج کے ظلم و تشدد و گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ زندگیاں قربان کرنی پڑیں مگر عوامی شعور اس درجے پر پہنچ چکا تھا جہاں ظلم کو انصاف اور امن ماننا ناممکن ہو چکا تھا۔ لوگ تشدد سہنے ، مقدمات درج ہونے بلکہ موت کی بھی پرواہ کیے بغیر ایسے غیر انسانی نظام کے خلاف کھڑے ہو گئے۔ حکمرانوں نے تشدد کے ساتھ ساتھ ہر حربہ استعمال کیا بلکہ عوامی حقوق کی بازیابی کی تحریکیں چلانے والی جماعتوں پر پابندی بھی عائد کر دی لیکن حق کا راستہ روکنے میں ناکام ہی رہے۔ نیلسن منڈیلا کو اسی جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی اور ستائیس سال جیل میں قید رکھا مگر عوامی شعور و اتحاد کے آگے حکمران نہ ٹک سکے اور باآخر اس نظام کا خاتمہ ہوا اور نیلسن منڈیلا جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر بنے۔
ریاست جموں کشمیر و اقصائے تبتہاء جو کہ جموں، گلگت، بلتستان ، لداخ ، کشمیر جیسے صوبوں پر مشتمل تھی 1947 کے قبائلی حملے کے نتیجے میں تقسیم کا شکار ہوئ اور تاحال تقسیم در تقسیمی کے مراحل سے گزر رہی ہے۔چار نسلوں کی بے شمار قربانیوں کے باوجود ہندوستان اپنے مقبوضہ علاقوں کو پاکستانی مقتدر حلقوں کی مفاہمت سے اپنی یونین ٹیریٹری میں بدل چکا ، گلگت بلتستان پہلے ہی پاکستانی کنٹرول میں ہے اور صرف تیرہ ہزار مربع میل کا علاقہ جسے پاکستانی زیر انتظام کشمیر یا آزادکشمیر کہتے ہیں کو کچھ لوگوں نے بند کمرے میں بیٹھ کر عبوری آئین بنایا اور پوری ریاست کو آزاد کر کے پاکستان کے ساتھ ملانے کی جدوجہد کرنے کا بیس کیمپ بنایا گیا۔ لیکن یہ عملا پاکستانی حکمرانوں کی چاپلوسی کے زریعے اقتدار حاصل کرنے کا محض ایک ریس کیمپ بن گیا اور کھیل تاحال پوری آب و تاب سے جاری و ساری ہے۔
اس خطے کو بنیادی انسانی حقوق سے مبرا رکھا گیا کہنے کو اس چھوٹے سے علاقے میں ایک قانون ساز اسمبلی بنا کر اس میں 53 اسمبلی ممبران کی فوج رکھی گی جس کا کام کرپشن اور عیاشی کرنا اور اس علاقے کے لوگوں کو پسماندہ رکھنا تھا۔ جوں جوں عوامی شعور بڑھتا گیا تو عوام اپنی بنیادی انسانی ضروریات کے لیے آہ و بکا کرنے لگے مگر یہاں کے حکمران طبقے کا کام چونکہ عوام کو پسماندہ رکھنا اور خود عیاشی کی زندگی گزارنا تھا لہذا حکمران عوام سے عملا لاتعلق ہو گئے ۔ عوام نے اپنے بنیادی انسانی حقوق کی بازیابی کے لیے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی رہنمائی میں مطالبات کرنا شروع کیے جو حکمرانوں کو نہ چاہتے ہوئے بھی ماننا پڑے۔ گزشتہ برس کے مانے گئے مطالبات پر بھی تاحال عمل درآمد نہیں ہوا۔
مہاجرین جموں کشمیر کے نام پر خدا جانے کس نے اور کس کے مشورے سے اس نام نہاد قانون ساز اسمبلی میں 12 نشستیں رکھی گئیں جو کہ عملا تقسیمِ ریاست کا اعلان ہے اور پاکستان کے حکمران طبقات کو آزادکشمیر میں سیاسی اور انتظامی کنٹرول میں ایک نیا ہتھیار مل گیا جسے وہ جب چاہیں اپنی مرضی سے چلاتے ہوئے کسی بھی وقت کوئ بھی حکومت گراتے بناتے رہے ہیں۔ ان نشستوں میں گلگت، بلتستان ، لداخ وغیرہ کی کوئی نمایندگی سرے سے شامل ہی نہیں ہے اور یوں یہ آزادکشمیر کی اسمبلی مذاقا بھی ریاست جموں کشمیر کی نمائندہ اسمبلی نہ ہو سکی۔ اوپر سے آزادکشمیر کے عبوری آئین کے مطابق ریاست جموں کشمیر کے مسئلے سے اس قانون ساز اسمبلی کا سرے سے تعلق ہی نہیں بلکہ اس اسمبلی کے قیام کا مقصد بھمبر سے تاؤ بٹ تک کے علاقے کا انتظام سنبھالنا ہے یعنی نام نہاد آزادکشمیر کی نام نہاد حکومت صرف ایک میونسپل کارپوریشن کا کردار ہے۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ان نشستوں اور اشرفیہ کی مراعات کے خاتمے کے مطالبات کو لے کر ان مطالبات کے خلاف ایسا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ کان پڑی آواز نہیں سنائی دیتی۔ کوئ کہتا ہے یہ نشستیں تحریک آزادی کا مقدس مشن ہیں ، کوی کچھ اور کوی کچھ کہے جا رہا ہے مگر شور و غل کرنے والے عقل پہ ہاتھ مارنے کو تیار نہیں کہ یہ بارہ نشستیں تو درکنار ریاست جموں کشمیر کا مسئلہ اس پوری اسمبلی ہی کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔
یہ کہا جا رہا ہے کہ ایکشن کمیٹی کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے، تو جناب مینڈیٹ کون دیتا ہے؟ اگر مینڈیٹ عوام ہی دیتی ہے تو عوام اسمبلی ممبران کی بجائے ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہے تو عوام کا مینڈیٹ کس کے پاس ہوا ؟
اسمبلی ممبران اور انکے کارکنان کا کام محض عوامی حقوق سے بیزاری اور ایکشن کمیٹی کے خلاف لوگوں کو بدظن کرنے کی سرتوڑ کوششیں کرنا ہی رہ گیا۔ یہاں موجود سیاسی جماعتیں محض بزنس کمپنیز اور دراصل پاکستانی سیاسی خاندانوں کی فرنچائزز ہیں۔ یہ بزنس کمپنیاں پہلے ہی اپنے کارکنوں کو عوامی حقوق کی تحریک سے دور رہنے کے حکم نامے جاری کر چکی ہیں۔ اب چونکہ باشعور سیاسی کارکنان خود کو ان بزنس کمپنیز کا غلام ماننے سے انکاری ہو چکے ہیں، اس لیے ہر جماعت کے اکثریتی سیاسی کارکنان بھی عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہیں۔ عوام بنیادی انسانی ضروریات سے محروم ہے، عوام کو صحت و تعلیم و روزگار کے مواقع میسر نہیں۔
یہاں کے ہسپتال محض ریفرل اڈے اور نااہل عیاش حکمرانوں کی عیاشیوں اور جاہلیت کی وجہ سے پورے علاقے میں معاشی ڈھانچہ نام تک کا بھی نہیں، اس علاقے کے ہر شخص کو معاشی ہجرت کرنی پڑتی ہے تو بجائے عوام کو انکے حقوق دینے کے یہ حکمران طبقہ اپنی مراعات، عیاشیوں اور پاکستانی مقتدر حلقوں کے سیاسی ہتھیار ان 12 نشستوں کو بچانے کے لیے عوامی حقوق کی بات کرنے والے ہر فرد اور مجموعی طور پر جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف ہر طرح کے پروپیگنڈوں اور کاروائیوں میں مصروف ہو چکا ہے بلکہ ایسے مطالبات کو باقاعدہ ہندوستانی ایجنڈا اور دہشتگردی کہہ کر اپنے حقوق کی پُرامن مانگ کرنے والے لوگوں کو گولیاں ماری جا رہیں ، انہیں گرفتار کیا جا رہا بلکہ شہدا کے جنازے تک گرفتار ہیں اور معصوم لوگوں کو اغواء کیا جا رہا۔
ظلم، جبر و بربریت کا یہ سلسلہ گواہ ہے کہ حکمران طبقہ عوامی شعور و مزاحمت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اپنی عیاشیاں اور کرپشن بچانے کے لیے پاگل ہو چکا ہے اور اس پاگل پن میں انتہائ بھونڈا بیانیہ "ہندوستانی ایجنڈا” ترتیب دے کے اپنے پاگل پن کو دنیا پہ آشکار بھی کر چکا ہے یعنی دوسرے لفظوں میں حکمران طبقہ یہ کہہ رہا کہ آزادکشمیر کے عوام کو بنیادی انسانی حقوق دینا ہندوستان کا ایجنڈا اور مقصد ہے۔ دراصل پاکستانی حکمران طبقہ اپنے مقامی سہولتکاروں کے ساتھ مل کر ہندوستان کے حقیقی ایجنڈے یعنی جموں کشمیر کی عوام کو مظلوم، پسماندہ اور مفلوک الحال رکھنے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔
ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی کال کو ناکام کرنے کے لیے پاکستانی فورسز آزادکشمیر میں داخل ہوئیں اور آج پانچ ماہ سے عوام اپنے بنیادی انسانی حقوق کی بازیابی کے لیے سڑکوں پر ہیں ۔ ڈیڑھ سو نہتے اور پرامن لوگوں کو اپنے حقوق مانگنے کے جرم میں شہید کیا جا چکا، ہزاروں گرفتار ہیں اور پاکستانی فورسز ہر روز نہتے لوگوں پر جنگی ہتھیاروں سے فائرنگ کر رہی ہیں ۔ نام نہاد آزادکشمیر مکمل محاصرے میں ہے اور اس وقت عملاً غزہ کا منظر پیش کر رہا ہے۔
خوراک و ادویات کی ترسیل روکی جا چکی، صحافیوں، انسانی حقوق تنظیموں کے کارکنان سمیت ہر شخص کے لیے پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر کے راستے بند کر دیے گئے ہیں اور ظلم و جبر کی وہ داستاں رقم کی جا رہی ہے کہ ہندوستان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا گیا ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ باشعور اور منظم عوام کو کوئ بھی طاقت شکست نہیں دے سکی چونکہ اس قوموں اور وطنوں کی دنیا میں کہنے کو ہی لیکن جمہوری دور میں طاقت کا سر چشمہ عوام ہیں۔ حکومتیں عوام کی خواہشات اور عوامی سہولت و خدمت کو ہوتی ہیں۔ عوام جب چاہیں جیسے چاہیں قوانین بنانے کا اختیار رکھتے ہیں۔ آزادکشمیر آئینی طور پر پاکستان کا حصہ نہیں بلکہ پاکستان آزادکشمیر کو ایک الگ ریاست مانتا ہے تو ایک دوسری ریاست پر عوامی تحریک کو کچلنے کے لیے اپنی فورسز تعینات کرنا بیرونی حملہ ہی ہوتا ہے جو کہ کسی صورت کوئ بھی ریاستی شہری قبول نہیں کرے گا۔ پاکستانی مقتدر حلقوں کو یہ سمجھنا ہو گا کہ جب عوام کی اکثریت دیگر مطالبات کے ساتھ ان بارہ سیٹوں و اشرفیہ کی مراعات کے خاتمے کا جائز اور اصولی مطالبہ رکھتی ہے تو پاکستان کو آزادکشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہو کر اپنی ہی پھیلائ گئ پسماندگی کو دور کرنے میں عوام اور ایکشن کمیٹی کی مدد کرنی چاہیے نہ کہ ان سیٹوں اور اشرفیہ کے مراعات کے بچاؤ کے لیے طاقت کے استعمال سے عوام کو زیر بار کرنے کی کوشش میں حالات خراب کرنے چاہیں۔
یہ طے ہے اور تاریخ بار بار ثابت کر چکی ہے کہ ظلم، جبر و بربریت عوام کے راستے کی مستقل زنجیر کبھی نہیں بن سکی اور نہ کبھی بن سکتی ہے اور طے ہے کہ آخری فتح ہمیشہ عوام ہی کی ہوتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کے ساتھ کھڑا ہوا جائے نہ کہ عوام مخالف اشرفیہ اور مراعات کے ساتھ ورنہ جموں کشمیر کی عوام کے پاس واحد راستہ دونوں ممالک سے آزدای کی جدوجہد ہے۔
٭٭٭
Share this content:


