بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کانک میں قائم پاکستانی فوج کے مرکزی بیس کیمپ کو ایک انتہائی شدید حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں کیمپ کی مکمل تباہی اور کم از کم 18 اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (BLA) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسے اپنے فدائی یونٹ "مجید بریگیڈ” کی کارروائی قرار دیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مستونگ کے علاقے کانک (کنڈب) میں قائم پاکستانی فورسز کے مرکزی کیمپ پر ایک شدید دھماکہ ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھرا ایک ٹرک (VBIED) فورسز کے بیس کیمپ سے ٹکرا دیا، جس کے نتیجے میں کیمپ کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا اور بھاری جانی نقصان ہوا۔
دوسری جانب، بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں اس حملے کی باضابطہ ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
ترجمان کے مطابق تنظیم کے فدائی یونٹ "مجید بریگیڈ” نے کنڈب، کانک میں قائم پاکستانی فوج کے کیمپ کو فدائی حملے میں نشانہ بنایا، جہاں بارود سے بھری گاڑی کو کیمپ سے ٹکرا کر دھماکہ کیا گیا۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں فوجی کیمپ مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جس کے فوری بعد تنظیم کے دیگر سرمچار کیمپ کے اندر داخل ہوئے اور حواس باختہ اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
بی ایل اے کے ترجمان نے ابتدائی اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں فورسز کے کم از کم 18 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حملے کے اختتام پر باقی سرمچار بحفاظت اپنے محفوظ ٹھکانوں کی جانب نکل گئے، جبکہ آپریشن کی مزید تفصیلات جلد میڈیا کو جاری کی جائیں گی۔
واقعے کے بعد فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، تاہم سرکاری سطح پر تاحال ہلاکتوں اور نقصانات کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
Share this content:


