برسلز میں پاکستانی سفارت خانے کے سامنے کشمیر ڈائسپورا کا احتجاجی مظاہرہ

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں مقیم جموں و کشمیر ڈائسپورا کمیونٹی کی جانب سے گذشتہ روز گیارہ نومبر کو پاکستانی سفارت خانے کے سامنے ایک بڑا اور بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں یورپ میں مقیم کشمیری شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے وطن میں جاری عوامی حقوق کی تحریک کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جبکہ انہوں نے راولاکوٹ سمیت پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں جاری ریاستی تشدد، فوجی آپریشن اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بے گناہ شہریوں کا قتلِ عام فوری طور پر بند کیا جائے۔

احتجاجی مظاہرے کے شرکاء کی جانب سے باضابطہ طور پر مطالبات پیش کرتے ہوئے زور دیا گیا کہ راولاکوٹ میں جاری قتل و غارت گری اور عوام پر مظالم کا سلسلہ فوری روکا جائے، خطے میں جاری فوجی آپریشن بند کر کے غیر ملکی و پاکستانی افواج کا انخلا یقینی بنایا جائے، اور تمام گرفتار و جبری لاپتہ کیے گئے افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

مظاہرین نے مزید مطالبہ کیا کہ 4 اکتوبر 2025ء کے معاہدے پر من و عن عمل درآمد کیا جائے اور عوامی مسائل کا حل طاقت اور جبر کے بجائے بامعنی اور پُرامن مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے۔

مظاہرے کے دوران شرکاء نے "راولاکوٹ میں قتلِ عام بند کرو”، "فوجی آپریشن بند کرو”، "تمام گرفتار اور اغوا شدہ افراد کو رہا کرو”، "غیر ملکی اور پاکستانی افواج واپس جاؤ” اور "4 اکتوبر 2025 کے معاہدے پر عمل درآمد کرو” جیسے پُرجوش نعرے بلند کیے۔

اس موقع پر مقررین اور شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یورپ میں مقیم کشمیری کمیونٹی اپنے وطن کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انصاف، آزادی، امن اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

Share this content: