پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں کشیدگی اور ریاستی جبر عروج پر پہنچ گیا ہے۔ ایک طرف جہاں عوام اپنے حقوق کے حصول کے لیے سراپا احتجاج ہیں، وہیں دوسری طرف فورسز کی جانب سے طاقت کا استعمال، محاصرے اور گھروں پر قبضے کے سنگین واقعات سامنے آ رہے ہیں۔
پینجیڑہ میں عوامی احتجاج اور دھرنا چھٹے روز بھی پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق فورسز کی جانب سے پرامن مظاہرین پر شدید فائرنگ کی جا رہی ہے، تاہم عوام اپنے مطالبات کے حق میں ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے بند راستے کھلوانے کے لیے جلد کسی بڑے آپریشن کا آغاز کیا جا سکتا ہے، جس کے باعث علاقے میں کشیدگی اور خوف کا ماحول مزید گہرا ہو گیا ہے۔
دوسری جانب متیالمیرہ بس ٹرمینل کے اردگرد رہائشی علاقوں میں فورسز کی بھاری نفری نے مبینہ طور پر قبضہ جما لیا ہے۔ بکتر بند گاڑیوں، بھاری مشین گنز اور اسنائپرز کو گھروں کے اندر اور اردگرد تعینات کیے جانے کے بعد پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ اس صورتحال کے باعث مقامی لوگ اپنے گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں، اور عام شہری شدید پریشانی اور کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔
ان تمام تر ریاستی ہتھکنڈوں اور پابندیوں کے باوجود تتہ پانی، ضلع کوٹلی کے گاؤں بنڈہور میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JKJAAC) کا تاریخ ساز پنڈال سج چکا ہے۔ تحریک کی قیادت پنڈال میں موجود ہے اور جوش و خروش سے بھرپور تاریخ ساز پروگرام جاری ہے۔ پنڈال میں عوام کا جم غفیر موجود ہے، اور اس حوالے سے تفصیلی ویڈیوز بھی جلد جاری کی جائیں گی۔
Share this content:


