اسٹوری: فرحان طارق
1947ء میں قبائلی حملے اور اس کے بعد ہونے والی جنگ کے نتیجے میں ریاست جموں و کشمیر کے مختلف حصوں کے درمیان ایک ایسی لکیر کھینچی گئی جس نے نہ صرف خاندانوں اور آبادیوں کو ایک دوسرے سے جدا کیا بلکہ صدیوں پرانے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی ورثے کو بھی تقسیم کر دیا۔
ریاست جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہندو اور سکھ خاندان بڑی تعداد میں آباد تھے۔ ان کے مذہبی مراکز، مندر، گردوارے اور دیگر تاریخی عمارتیں مقامی معاشرت اور ثقافت کا حصہ تھیں۔
تاہم 1947ء کے پرتشدد واقعات کے دوران ان میں سے بڑی تعداد کو اپنا گھر بار، جائیداد اور کاروبار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف ہجرت کرنا پڑی۔
وقت گزرنے کے ساتھ ان خاندانوں کے بیشتر مذہبی مراکز بھی ویرانی کا شکار ہوتے گئے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں آج بھی متعدد قدیم مندر اور گردوارے موجود ہیں، لیکن ان میں سے کئی عمارتیں مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث خستہ حالی کا شکار ہیں۔ بعض مقامات پر مذہبی عمارتیں اپنی اصل شناخت کھو چکی ہیں، جبکہ کچھ جگہوں پر ان کے گرد نئی تعمیرات ہو چکی ہیں۔
ضلع کوٹلی، جو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے بڑے اضلاع میں شمار ہوتا ہے، میں بھی ایسی کئی مذہبی اور تاریخی عمارتیں موجود ہیں جن کی حالت زار ان کے مستقبل کے حوالے سے سوالات اٹھاتی ہے۔
مقامی افراد کے مطابق بعض مقامات پر قدیم عبادت گاہوں کے راستے یا حصے نئی تعمیرات کے درمیان اس طرح محصور ہو چکے ہیں کہ ان کی اصل شناخت برقرار رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، جبکہ بعض عمارتیں وقت گزرنے کے ساتھ کھنڈرات میں تبدیل ہو رہی ہیں۔
کوٹلی کے علاوہ مظفرآباد اور پونچھ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بھی ہندو اور سکھ برادری سے منسوب تاریخی عبادت گاہوں کے آثار موجود ہیں۔
خطے کے دارالحکومت مظفرآباد میں بعض قدیم مندر اور گردوارے بڑی بڑی نئی عمارتوں کے درمیان محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ بعض مقامات پر ان مذہبی عمارتوں سے منسلک اراضی کے حوالے سے مقامی سطح پر قبضے کی شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔
پونچھ ڈویژن میں بھی متعدد قدیم مندر اور گردوارے یا تو منہدم ہو چکے ہیں یا شدید خستہ حالی کا شکار ہیں۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ان عمارتوں کو محض مذہبی عبادت گاہوں کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے بلکہ یہ اس خطے کی مشترکہ تاریخ اور تہذیبی تنوع کی نشانیاں ہیں۔
آثار قدیمہ کا محکمہ، لیکن تحفظ کہاں ہے؟
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں تاریخی عمارتوں اور آثار کے تحفظ کے لیے محکمہ آثار قدیمہ موجود ہے، تاہم سوال یہ ہے کہ اقلیتوں سے منسوب ان تاریخی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے عملی طور پر کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟
کیا خطے میں موجود تمام قدیم مندروں اور گردواروں کا سرکاری ریکارڈ موجود ہے؟
ان عمارتوں اور ان سے منسلک اراضی کی قانونی حیثیت کیا ہے؟
کیا انہیں تاریخی ورثے کا درجہ حاصل ہے؟
اور اگر ان عمارتوں کی حالت مسلسل خراب ہوتی رہی تو آنے والی نسلوں کے لیے اس خطے کی مشترکہ تاریخ کی نشانیاں کیسے محفوظ رہیں گی؟
ان سوالات کے جواب کے لیے محکمہ آثار قدیمہ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کا مؤقف بھی اہم ہے۔
صرف مذہبی ورثہ نہیں، مشترکہ تاریخ
تاریخ دانوں کے مطابق کسی خطے میں موجود قدیم مذہبی عمارتیں صرف عبادت کے مقامات نہیں ہوتیں بلکہ وہ اس علاقے کے سماجی، ثقافتی، معماری اور مذہبی ماضی کی دستاویز بھی ہوتی ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں موجود مندر اور گردوارے بھی اس خطے میں مختلف مذہبی برادریوں کی صدیوں پرانی موجودگی کی علامت ہیں۔
1947ء کی تقسیم کے بعد ان عمارتوں سے وابستہ آبادی بڑی حد تک یہاں سے منتقل ہو گئی، لیکن ان کی تعمیر کردہ عمارتیں اور مذہبی مقامات آج بھی اس دور کی یاد دلاتے ہیں۔
ماضی کے ان نشانات کو محفوظ کرنا کسی ایک مذہب یا برادری کا مسئلہ نہیں بلکہ خطے کی مجموعی تاریخ کو محفوظ رکھنے کا معاملہ ہے۔
کیونکہ جب ایک قدیم مندر یا گردوارہ منہدم ہوتا ہے تو صرف ایک عمارت ختم نہیں ہوتی بلکہ اس کے ساتھ اس خطے کی تاریخ کا ایک باب بھی مٹ جاتا ہے۔
1947ء میں کھینچی گئی لکیر نے خاندانوں کو آرپار تقسیم کیا تھا، لیکن آج وقت اور عدم توجہی کہیں ان تاریخی اور مذہبی نشانات کو بھی ہمیشہ کے لیے ختم نہ کر دے۔
Share this content:


