پانچ جون سے بارہ نومبر تک: آزاد کشمیر کے لہو سے لکھی گئی داستانِ کرب

تحریر: اسامہ کاشگل

☜ یہ صرف ایک تحریک کی کہانی نہیں، یہ ان ماؤں کی آہوں کا نوحہ ہے جن کے لختِ جگر واپس نہیں آئے!

کچھ تاریخیں کیلنڈر سے نہیں مٹتیں، کچھ دن قوموں کے حافظے میں زخم بن کر رہ جاتے ہیں۔ پانچ جون 2026ء بھی آزاد کشمیر کے لیے ایسا ہی ایک دن ہے۔ اس دن کے بعد وقت تو گزرتا رہا، مگر بہت سے گھروں میں زندگی جیسے وہیں رک گئی۔

کسی ماں کی آنکھ آج بھی دروازے پر لگی ہے۔ کسی بہن کے موبائل میں آج بھی اپنے بھائی کا آخری پیغام محفوظ ہے۔ کسی باپ کے گھر میں ایک کرسی خالی پڑی ہے، جس پر بیٹھ کر اس کا بیٹا کبھی اپنے مستقبل کے خواب سنایا کرتا تھا۔ کسی بچے کو شاید ابھی تک سمجھ نہیں آیا کہ اس کا باپ واپس کیوں نہیں آیا، اور کسی گھر میں آج بھی رات کے سناٹے میں قدموں کی آہٹ سنائی دے تو سب کی نظریں دروازے کی طرف اٹھ جاتی ہیں۔

یہ داستان ان ہی گھروں کی ہے۔

یہ داستان ان لوگوں کی ہے جن کے نام خبروں میں چند لمحوں کے لیے آئے، جن کی تصویریں سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں، جن کے جنازوں پر نعرے لگے، جن کے لیے تعزیتی پیغامات لکھے گئے، مگر جن کے گھر والوں کے لیے دنیا ہمیشہ کے لیے بدل گئی۔

یہ داستان پانچ جون سے شروع ہوتی ہے، مگر اس کا درد آج بھی ختم نہیں ہوا۔

۞ پانچ جون: جب ایک خطے کی آواز بند کرنے کی کوشش ہوئی

پانچ جون 2026ء کو آزاد کشمیر کی حکومت نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو انسدادِ دہشت گردی قانون کے تحت ممنوعہ تنظیم قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اسی روز موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔ سیاحوں اور بیرونی افراد کو علاقے سے نکلنے کی ہدایات دی گئی، اور خطے میں نقل و حرکت و اطلاعات کی ترسیل متاثر ہوئی۔

یہ صرف انٹرنیٹ بند ہونے کا واقعہ نہیں تھا۔ یہ ان ہزاروں گھروں کے لیے ایک نئی پریشانی تھی جن کے پیارے گھروں سے باہر تھے۔ کوئی ماں اپنے بیٹے کو فون کر کے پوچھنا چاہتی تھی کہ کہاں ہو؟ کوئی بیوی اپنے شوہر کی خیریت معلوم کرنا چاہتی تھی۔ کوئی بہن اپنے بھائی کو بتانا چاہتی تھی کہ گھر میں سب خیریت سے ہیں۔ مگر رابطوں کے راستے بند ہوتے گئے۔

سوچیے، کسی گھر میں رات ہو، باہر حالات کشیدہ ہوں، گھر کا جوان باہر ہو اور ماں کے ہاتھ میں موبائل ہو، مگر دوسری طرف سے کوئی جواب نہ آئے۔ ماں بار بار نمبر ملائے، فون نہ ملے، پھر دوبارہ ملائے، پھر کسی پڑوسی سے پوچھے، پھر دروازے کی طرف دیکھے۔ اس انتظار کی کوئی خبر نہیں بنتی، کوئی سرخی نہیں لگتی، مگر یہی انتظار انسان کو اندر سے توڑ دیتا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے 9 جون کو اس صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے تنظیم پر پابندی، انٹرنیٹ بندش، گرفتاریوں اور طاقت کے استعمال کو بنیادی انسانی حقوق کے لیے خطرناک قرار دیا۔ تنظیم نے سوال اٹھایا کہ ایک عوامی حقوق کی تحریک کو مبہم بنیادوں پر دہشت گردی کے قانون کے تحت ممنوعہ قرار دینا کس طرح جائز ہو سکتا ہے۔

یہ کسی سیاسی جماعت کا بیان نہیں تھا؛ یہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیم کا انتباہ تھا۔

۞ پانچ اور چھ جون کی درمیانی رات: شاہ زیب حبیب کا نام

اس داستان کا ایک دردناک نام شاہ زیب حبیب ہے۔

پانچ جون کی رات شاہ زیب حبیب کو فورسز کی طرف سے عمر نذیر پر کیے گئے حملے میں گولی لگی۔ وہ ایک گاڑی میں عمر نذیر کشمیری کے ساتھ سفر کر رہے تھے، جب گاڑی روکی گئی اور فورسز حملہ آور ہوئیں۔ بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جبکہ عمر نذیر شدید زخمی ہو گئے۔

ذرا اس منظر کو محسوس کیجیے۔

ایک جوان جو گھر سے نکلا ہو، جس کے بارے میں گھر والوں نے سوچا ہو کہ واپس آ کر کھانا کھائے گا، باتیں کرے گا، اپنے معمول کے کام کرے گا۔ مگر اس کی واپسی کی خبر اس طرح آئے کہ گھر کی دہلیز پر خوشی نہیں، قیامت اتر آئے۔

ماں کے لیے بیٹا صرف ایک شخص نہیں ہوتا۔ وہ اس کی دعاؤں کا حاصل ہوتا ہے، اس کے بڑھاپے کا سہارا ہوتا ہے، اس کی زندگی کے خوابوں کا مرکز ہوتا ہے۔ باپ کے لیے جوان بیٹا اس کی امیدوں کا تسلسل ہوتا ہے۔ بہن کے لیے بھائی وہ شخص ہوتا ہے جس سے وہ چھوٹی چھوٹی شکایتیں کرتی ہے، جو عید پر اس کے لیے کپڑے لاتا ہے، جو اسے دنیا کے خوف سے بچانے کا وعدہ کرتا ہے۔

شاہ زیب کے گھر میں بھی کوئی اس کا انتظار کر رہا ہوگا۔ کسی نے اس کے لیے کھانا رکھا ہوگا، کسی نے اس کی آواز سننے کی امید کی ہوگی۔ پھر وہ لمحہ آیا ہوگا جب خبر نے گھر کی فضا بدل دی ہوگی۔

کیا کسی نے اس ماں سے پوچھا کہ اس کے بعد اس کی راتیں کیسے گزرتی ہیں؟ کیا کسی نے اس بہن سے پوچھا کہ اب وہ کس سے اپنے دل کی بات کرے گی؟ کیا کسی نے اس باپ کے کندھے پر ہاتھ رکھا جس کے بڑھاپے کی لاٹھی چھن گئی؟

خبر میں ایک نام لکھا جاتا ہے، مگر اس نام کے پیچھے پورا خاندان ہوتا ہے۔

۞ سات جون: راولاکوٹ کی سڑکیں اور جنازوں کا دکھ

سات جون کو راولاکوٹ میں حالات مزید سنگین ہوئے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم آٹھ مظاہرین اور چار پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے۔ مزید درجنوں افراد زخمی ہوئے؛ رپورٹ میں 50 مظاہرین اور 23 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی درج ہیں۔

یہ تعدادیں پڑھنا آسان ہے، مگر ان کے پیچھے چھپی زندگیاں پڑھنا آسان نہیں۔

آٹھ مظاہرین کا مطلب آٹھ گھر ہیں۔ چار پولیس اہلکاروں کا مطلب چار مزید خاندان ہیں۔ زخمیوں کا مطلب ایسے جسم ہیں جن پر زخم آئے، ایسے والدین ہیں جو ہسپتالوں کے باہر پریشان کھڑے رہے، ایسے بچے ہیں جنہوں نے اپنے باپ کو پٹیوں میں لپٹا دیکھا۔

یہاں ایک بات کہنا ضروری ہے: پولیس اہلکار بھی کسی ماں کے بیٹے تھے۔ ان کے گھروں میں بھی انتظار تھا، ان کے بچوں کے بھی خواب تھے۔ انسانی جان کا احترام کسی وردی، کسی سیاسی مؤقف یا کسی نعرے کا محتاج نہیں۔

لیکن جب ایک خطے میں اتنی جانیں چلی جائیں تو سوال اٹھانا بھی ضروری ہوتا ہے۔ کس نے فائرنگ کی؟ کس نے حکم دیا؟ کس نے حالات کو یہاں تک پہنچایا؟ کیا تمام زخمیوں کو بروقت علاج ملا؟ کیا ہر موت کی آزادانہ تحقیقات ہوئیں؟ کیا خاندانوں کو مکمل حقیقت بتائی گئی؟

یہ سوال نفرت کے نہیں، انصاف کے ہیں۔

۞ سات سے تیرہ جون: جب احتجاج کے ساتھ گھروں کا سکون بھی محصور ہوا

جون کے ابتدائی دنوں میں گرفتاریوں، چھاپوں، مقدمات، مواصلاتی بندشوں اور دھرنوں کی خبریں سامنے آتی رہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سو سے زائد افراد کی گرفتاریوں اور تنظیم کے دفتر کو سیل کیے جانے کی اطلاعات درج کیں۔

13 جون کو جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ہیومن رائٹس سیل نے پانچ سے بارہ جون تک کی صورتحال پر ایک رپورٹ جاری کی۔ اس میں ہلاکتوں، اجتماعی گرفتاریوں، مواصلاتی بلیک آؤٹ، طبی امداد تک رسائی میں رکاوٹ، لاپتہ افراد، صحافت پر دباؤ اور معاشی انتقامی کارروائیوں کے الزامات درج کیے۔

یہاں اس بحران کا ایک اور چہرہ سامنے آتا ہے: وہ لوگ جو کسی دھرنے میں نہیں تھے، کسی جلسے میں نہیں تھے، کسی نعرے کا حصہ نہیں تھے، مگر حالات نے ان کی زندگی بھی متاثر کر دی۔

کسی کے گھر میں مریض تھا جسے دوا چاہیے تھی۔ کسی بچے کو دودھ درکار تھا۔ کسی گھر میں روزانہ کی دیہاڑی سے چولہا جلتا تھا۔ کسی دکان دار کی دکان بند تھی۔ کسی بزرگ کو ہسپتال پہنچنا تھا۔ کسی حاملہ عورت کو طبی سہولت درکار تھی۔

جب سڑکیں بند ہوں، رابطے منقطع ہوں اور خوف پھیل جائے تو صرف سیاسی کارکن متاثر نہیں ہوتا؛ پورا معاشرہ اس کی قیمت ادا کرتا ہے۔

27 جون کو جموں کشمیر ہیومن رائٹس آبزرویٹری نے پانچ سے 23 جون تک کی صورتحال پر اپنی رپورٹ میں خوراک، ادویات، بچوں کے دودھ، ہسپتالوں تک رسائی اور روزگار سے متعلق سنگین خدشات درج کیے۔ رپورٹ میں شہری ہلاکتوں، گرفتاریوں، گمشدگیوں اور طبی سہولتوں میں رکاوٹوں کے الزامات بھی شامل تھے۔

اس رپورٹ کا ایک کیس امجد خان المعروف (کالے) کا تھا، جو بنجوسہ کے رہائشی، پچاس سالہ گونگے، بہرے اور ذہنی و ادراکی معذوری کے حامل شخص تھے۔ ان کے خاندان نے ان کی حراست یا اہلِ خانہ سے رابطہ منقطع ہونے کی شکایت کی اور ان کے مقام، قانونی حیثیت اور صحت سے متعلق معلومات نہ ملنے پر تشویش ظاہر کی۔

ذرا سوچیں، ایک ایسا شخص جو اپنی بات عام انداز میں بیان بھی نہیں کر سکتا، اگر اپنے گھر والوں سے جدا ہو جائے تو اس کے گھر والے کس کرب سے گزرتے ہوں گے؟ وہ کس سے پوچھیں کہ ہمارا اپنا کہاں ہے؟ وہ کیسے یقین دلائیں کہ اسے ہماری ضرورت ہے؟ اور وہ کیسے جانیں کہ وہ زندہ، محفوظ اور علاج کے قابل حالت میں ہے؟

یہی وہ درد ہے جسے اعداد و شمار پورا بیان نہیں کر سکتے۔

۞ دس جون سے راولاکوٹ کے دھرنے: انتظار، امید اور بے یقینی

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے دس جون سے راولاکوٹ میں دھرنے جاری رہے۔ تحریک کا مؤقف تھا کہ لوگ تصادم نہیں چاہتے، وہ اپنے مطالبات پر عمل درآمد اور مذاکرات چاہتے ہیں۔

یہاں ایک عجیب تضاد دکھائی دیتا ہے: ایک طرف عوام اپنے مطالبات کے لیے بیٹھے تھے، دوسری طرف خطے میں خوف، بے یقینی اور سیاسی کشیدگی پھیلتی رہی۔

دھرنے میں بیٹھا ہر شخص صرف ایک سیاسی کارکن نہیں تھا۔ کوئی دکاندار تھا، کوئی مزدور، کوئی طالب علم، کوئی وکیل، کوئی ٹرانسپورٹر، کوئی باپ، کوئی بھائی۔ ہر ایک کی اپنی زندگی تھی، مگر وہ اپنے علاقے کے مسائل کے ساتھ وہاں بیٹھا تھا۔

کسی کے گھر میں بچے انتظار کرتے ہوں گے کہ ابو کب واپس آئیں گے۔ کسی کی دکان بند ہوگی، کسی کا روزگار رکا ہوگا، کسی کی فصل یا کاروبار متاثر ہوگا۔ لیکن جب عوامی مطالبات اور حکومتی فیصلوں کے درمیان اعتماد ختم ہو جائے تو معمول کی زندگی بھی احتجاج کا حصہ بن جاتی ہے۔

انسان کو صرف روٹی نہیں چاہیے؛ اسے عزت، تحفظ، انصاف اور اپنی بات کہنے کا حق بھی چاہیے۔

۞ بیس جون: ایک شاعر اور صحافی کی حراست

20 جون سے متعلق ایک اور اہم معاملہ کشمیری شاعر اور صحافی احمد فرہاد کی حراست کا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے 25 اگست کی اپنی مزید معلوماتی اپیل میں کہا کہ وہ 20 جون سے باغ میں انتظامی حراست میں تھے، ان پر احتجاج کے خلاف بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے دباؤ ڈالے جانے کے خدشات تھے، اور وہ اپنی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال پر تھے۔

ایک شاعر کا کام لفظوں سے دلوں کی بات کہنا ہوتا ہے۔ ایک صحافی کا کام سوال اٹھانا اور خبر پہنچانا ہوتا ہے۔ اگر سوال کرنے والا خود جواب کا منتظر ہو، اگر شاعر اپنی آزادی کے لیے بھوک ہڑتال کرے، تو یہ صرف ایک فرد کا معاملہ نہیں رہتا؛ یہ پورے معاشرے میں اظہارِ رائے کی آزادی کا سوال بن جاتا ہے۔

کیا کسی ماں نے کبھی اپنے بچے کو یہ خواب دکھایا ہوگا کہ وہ بڑا ہو کر شاعر بنے، صحافی بنے، سچ لکھے؟ اور کیا کسی نے سوچا ہوگا کہ ایک دن اسی سچ کی قیمت اسے اپنی آزادی سے ادا کرنا پڑ سکتی ہے؟

۞ سترہ جولائی: اقوام متحدہ کی تشویش

17 جولائی کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر کے ترجمان نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی۔ بیان میں کہا گیا کہ جون سے درجنوں افراد، جن میں زیادہ تر مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار شامل تھے، ہلاک ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ نے تمام اموات کی فوری، مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

اقوام متحدہ نے یہ بھی کہا کہ گرفتار رہنماؤں کو وکیل اور خاندان تک رسائی ملنی چاہیے، انٹرنیٹ بحال ہونا چاہیے اور بنیادی شکایات کا حل بامعنی سیاسی مذاکرات سے نکالا جانا چاہے۔

یہاں سوال یہ نہیں کہ کون حق پر تھا اور کون غلط۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا کسی بھی اختلاف کو اس حد تک پہنچنا چاہیے کہ لوگ اپنی جانیں کھو دیں؟ کیا کسی ریاست کی طاقت کا امتحان اپنے شہریوں کو خاموش کرانے میں ہے یا ان کی شکایات سننے میں؟

۞ ستائیس اور اٹھائیس جولائی: لانگ مارچ اور ایک اور انسانی المیہ

جولائی کے آخری دنوں میں راولاکوٹ سے مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ اور اس سے جڑے واقعات نے بحران کو ایک اور سنگین مرحلے میں پہنچا دیا۔

جموں کشمیر ہیومن رائٹس آبزرویٹری کی 28 جولائی کی رپورٹ کے مطابق 27 اور 28 جولائی کے واقعات کے بعد زخمیوں کو ہنگامی طبی امداد تک پہنچانے میں تاخیر اور رکاوٹوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ رپورٹ میں یہ بھی درج کیا گیا کہ بعض شدید زخمیوں کو فوری ٹراما سہولت نہ ہونے کے باعث تقریباً چالیس کلومیٹر دور پلندری ہسپتال لے جانے کے الزامات سامنے آئے۔

چالیس کلومیٹر!

یہ صرف ایک فاصلہ نہیں۔ کسی شدید زخمی کے لیے یہ ہر گزرتا ہوا لمحہ ہو سکتا ہے۔ ایک ایمبولینس کے اندر پڑا شخص، اس کے ساتھ بیٹھا کوئی عزیز، اور ہسپتال کے دروازے تک پہنچنے کی بے بسی—اس کیفیت کو صرف وہی سمجھ سکتا ہے جس نے کسی اپنے کو زندگی اور موت کے درمیان دیکھا ہو۔

27 اور 28 جولائی کے واقعات سے متعلق 31 شہری اموات درج کی گئیں اور مجموعی طور پر پانچ جون سے اس وقت تک 75 شہری اموات کی دستاویزی گنتی بیان کی گئی۔ رپورٹ نے واضح کیا کہ یہ اعداد و شمار جاری تصدیق کے تابع ہیں، سرکاری حتمی فہرست نہیں، اور ذمہ داری کا تعین آزادانہ تحقیقات سے ہونا چاہیے۔

اسی انسانی المیے میں ڈاکٹر اسامہ جمیل کا نام بھی ایک ناقابلِ فراموش دکھ بن کر سامنے آتا ہے۔

ڈاکٹر اسامہ جمیل کی وفات نے ان کے خاندان، دوستوں اور تحریک سے وابستہ لوگوں کو گہرے صدمے سے دوچار کیا۔ وہ بھی کسی ماں کے بیٹے، کسی باپ کی امید اور کسی خاندان کے مستقبل کا حصہ تھے۔ ڈاکٹر کا نام ان کی پیشہ ورانہ شناخت تھا، مگر گھر والوں کے لیے وہ ان کا اپنا اسامہ تھے۔

اور پھر کمانڈر فاروق کی شہادت کا درد بھی اسی داستان کا حصہ ہے۔ ان کے نام کے ساتھ بھی ایک گھر کی ویرانی، ماں کی دعائیں، بہن بھائیوں کی یادیں اور خاندان کے ادھورے خواب جڑے ہیں۔

یہ دونوں نام محض تحریک کے ریکارڈ میں درج ہونے والے نام نہیں۔ ان کے پیچھے انسان تھے، رشتے تھے، خواب تھے اور ایسی زندگیاں تھیں جو واپس نہیں آ سکتیں۔

ذرا سوچیں، کسی ماں نے اپنے بیٹے کو ڈاکٹر بنتے دیکھا ہوگا، کسی نے اس کے مستقبل کے لیے دعائیں مانگی ہوں گی۔ کسی نے کمانڈر فاروق کی واپسی کا انتظار کیا ہوگا۔ مگر جب موت کی خبر گھر پہنچتی ہے تو تمام منصوبے، تمام امیدیں اور تمام خواب ایک لمحے میں خاموش ہو جاتے ہیں۔

یہاں ہمیں ایک لمحے کے لیے رکنا چاہیے۔

پچھتر ناموں کو ایک عدد میں بدل دینا کتنا آسان ہے۔ مگر اگر ان ناموں کو الگ الگ پڑھا جائے تو ہر نام کے ساتھ ایک گھر، ایک خاندان، ایک خواب، ایک ادھورا وعدہ اور ایک ایسی خاموشی جڑی ہوئی ہے جسے شاید کوئی کبھی نہیں بھر سکے گا۔

۞ اگست: جب احتجاج کے زخموں کے ساتھ تعلیمی مستقبل بھی متاثر ہوا

اگست میں بھی سیاسی کشیدگی، انتخابی ماحول، دھرنوں اور حقوق کی بحث جاری رہی۔ 29 اگست کو ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) کے فیکٹ فائنڈنگ مشن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ خطے میں بے اعتمادی، اظہارِ رائے اور رابطوں پر پابندیوں اور طاقت کے غیر متناسب استعمال نے عوامی اعتماد کو مزید نقصان پہنچایا۔

HRCP نے کم از کم 147 جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں کو فورتھ شیڈول میں ڈالنے اور انسدادِ دہشت گردی قوانین کے استعمال پر تشویش ظاہر کی۔ اس نے جون 2026ء سے ہونے والی تمام مبینہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی کہا کہ اختلافات کا حل طاقت کے بجائے سیاسی مذاکرات سے نکالا جانا چاہیے۔

تعلیم کا نقصان صرف چند ماہ کی چھٹی نہیں ہوتا۔ ایک طالب علم جب اسکول سے دور ہوتا ہے تو اس کے معمولات بدل جاتے ہیں۔ امتحان، کتاب، استاد، دوست، کھیل اور خواب—سب متاثر ہوتے ہیں۔

کسی بچے کے لیے یہ سمجھنا مشکل ہوتا ہے کہ اس کے علاقے میں اتنا خوف کیوں ہے۔ وہ یہ نہیں جانتا کہ سیاسی تنازع کیا ہے، انتظامی فیصلہ کیا ہے، چارٹر آف ڈیمانڈز کیا ہے؛ اسے صرف یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس کا اسکول کیوں بند ہے، اس کے والدین پریشان کیوں ہیں، اور گھر میں ہر وقت خبریں کیوں دیکھی جا رہی ہیں۔

کیا کسی نے ان بچوں سے پوچھا کہ ان کے دل میں کیا چل رہا ہے؟

۞ ستمبر: جب ناموں کی فہرستیں انسانی زندگیوں کا بوجھ اٹھانے لگیں

چار اکتوبر کو شائع ہونے والی جموں کشمیر ہیومن رائٹس آبزرویٹری کی رپورٹ نمبر پانچ نے پانچ جون سے 22 ستمبر تک کے عرصے کا جائزہ پیش کیا۔ اس کے عنوان اور ابتدائی متن میں 90 ناموں پر مشتمل اموات کا ریکارڈ بیان کیا گیا، جبکہ اسی رپورٹ کے ایک اقتباس میں 89 افراد کا ذکر بھی آیا؛ اس لیے رپورٹ کے اندر اس عدد کی وضاحت درکار ہے۔

رپورٹ نے خود واضح کیا کہ ہر موت کے حالات، سبب اور ذمہ داری یکساں نہیں، اور بعض واقعات متنازع یا مزید تحقیق کے محتاج ہیں۔ اس نے ہسپتالوں کے ریکارڈ، پوسٹ مارٹم، گولیوں کے فرانزک شواہد، سی سی ٹی وی، موبائل ویڈیوز، گواہوں کے بیانات اور سرکاری آپریشن ریکارڈ محفوظ کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس رپورٹ میں شاہ زیب حبیب، فہد برکت اور عثمان صابر کی لاشوں کی حوالگی سے متعلق خاندانوں کے الزامات بھی درج کیے۔ رپورٹ کے مطابق خاندانوں نے دعویٰ کیا کہ لاشیں پولیس کی جانب سے نامعلوم مقام پر عارضی طور پر دفن کی گئی تھیں۔ یہ الزام تھا، جس پر فوری سرکاری وضاحت اور آزادانہ تصدیق ضروری قرار دی گئی۔

اب ذرا اس دکھ کو محسوس کریں۔

ایک شخص دنیا سے چلا جائے، اس کا خاندان پہلے ہی ٹوٹ چکا ہو، اور پھر اس خاندان کو اپنے پیارے کی آخری آرام گاہ کے بارے میں بھی مکمل معلومات نہ ملیں—تو وہ کس دروازے پر جائے؟

غم کا بھی ایک حق ہوتا ہے۔ مرنے والے کا بھی ایک احترام ہوتا ہے۔ خاندان کا بھی حق ہوتا ہے کہ وہ اپنے پیارے کی میت دیکھے، اسے اپنی روایت اور عقیدے کے مطابق سپردِ خاک کرے، اور اس کی قبر کا مقام جان سکے۔

کسی ماں سے اس کے بیٹے کی موت کا دکھ تو شاید کوئی نہیں چھین سکتا، لیکن اسے اپنے بیٹے کی آخری آرام گاہ جاننے کے حق سے محروم کرنا اس دکھ کو اور گہرا کر دیتا ہے۔

۞ انتیس اکتوبر: باغ کے گاؤں پندی میں ایک اور انسانی المیہ

پانچ جون سے شروع ہونے والی اس داستان میں 29 اکتوبر 2026ء کا دن بھی ایک الگ انسانی المیے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

ضلع باغ کے جنوبی علاقے گاؤں پندی میں ایک گھر میں دھماکے کے نتیجے میں چار افراد جان سے گئے، جن میں تین خواتین اور ایک بچہ شامل تھا۔

اس واقعے کے بارے میں مختلف دعوے سامنے آئے۔ پولیس اور سرکاری مؤقف میں اسے گیس سلنڈر کے دھماکے کا واقعہ قرار دیا گیا، جبکہ پڑوسیوں اور محلے داروں کے مطابق گھر پر فورسز نے ڈرون حملہ کیا تھا۔ پڑوسیوں کا کہنا تھا کہ گھر میں سلنڈر موجود ہی نہیں تھا، اور پولیس کا دعویٰ محض حقائق چھپانے کی نشاندہی کرتا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس کی نوعیت اور حالات کے حوالے سے مختلف سوالات اٹھائے گئے۔ پولیس نے بھی واقعے کی وجوہات کی تحقیقات کا اعلان تو کیا، لیکن…

ذرا اس گھر کا تصور کریں۔

جہاں کچھ دیر پہلے بچوں کی آوازیں گونج رہی ہوں، جہاں ماں اپنے بچوں کو کھانا کھلا رہی ہو، جہاں گھر کے افراد ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزار رہے ہوں، وہاں اچانک موت کی خبر پہنچ جائے۔

ایک ماں، ایک بچہ، ایک بچی اور خاندان کے دوسرے فرد کی موت کے بعد پیچھے رہ جانے والوں کے لیے زندگی پہلے جیسی کیسے رہ سکتی ہے؟

کیا کسی نے ان کے گھر والوں سے پوچھا کہ اب ان کے گھر میں عید کیسے آئے گی؟ کیا کسی نے ان بچوں کے خوابوں کا حساب رکھا؟ کیا کسی نے اس زخمی بچی کے خوف اور تکلیف کو محسوس کیا جو اپنے ہی گھر کے افراد کو کھو بیٹھی؟

اس واقعے کی حقیقت کا تعین بھی مکمل، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات سے ہونا چاہیے۔

چار انسانوں کی موت کسی ایک گھر کا نہیں، پورے معاشرے کا دکھ ہے۔

۞ پانچ نومبر: راولاکوٹ کے دھرنے، تین نوجوانوں کی موت اور ایک گھر پر ڈرون حملے کی اطلاعات

اور پھر پانچ نومبر 2026ء آیا۔

راولاکوٹ کے فاروقِ اعظم چوک اور متیال میرا بس ٹرمینل کے قریب دھرنوں پر صبح سویرے سکیورٹی آپریشن کیا گیا۔ عوام پر ہیوی مشین گُنوں، راکٹ، ڈرون، ایل ایم جی اور ایس ایم جی سے فائرنگ کیے جانے کے الزامات سامنے آئے۔

تاہم 5 نومبر کو جاری کی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی دستاویز کے مطابق جموں کشمیر ہیومن رائٹس آبزرویٹری نے تین افراد کی اموات کی آزادانہ تصدیق کی۔ ابتدائی طور پر 18 زخمیوں کی فہرست بھی سامنے آئی، جس کی طبی اور سرکاری تصدیق جاری ہے۔

اس آپریشن کا ایک اور نہایت خوفناک پہلو متیال میرا بس ٹرمینل کے قریب ایک رہائشی مکان پر مبینہ ڈرون حملہ تھا، جس کی مقامی افراد کے ویڈیو بیانات اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فوٹیج سے تصدیق ہوئی۔ صبح کے وقت ڈرون کے ذریعے حملہ کیا گیا، جس سے ایک گھر کو شدید نقصان پہنچا اور آگ نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

یہ دعوے آزادانہ فرانزک تصدیق کے محتاج ہیں، مگر ان اطلاعات نے شہری آبادی کے تحفظ کے حوالے سے سنگین سوالات ضرور پیدا کیے۔

یہ تین زندگیاں تھیں۔ تین گھروں کے اپنے اپنے خواب تھے۔ تین خاندانوں کی اپنی اپنی دنیا تھی۔

کسی نے ان کے لیے مستقبل کے منصوبے بنائے ہوں گے۔ کسی نے ان سے کوئی وعدہ لیا ہوگا۔ کسی نے سوچا ہوگا کہ وہ کل واپس آئیں گے تو کوئی کام مکمل ہوگا۔ مگر پانچ نومبر کی خبر نے ان گھروں کے کل کو بدل دیا۔

اور پھر ایک گھر کی چھت، دیواریں اور وہاں موجود زندگی بھی مبینہ حملے کی زد میں آ گئی۔

گھر کوئی مورچہ نہیں ہوتا۔ گھر میں مائیں ہوتی ہیں، بچے ہوتے ہیں، بزرگ ہوتے ہیں۔ وہاں کسی کی کتابیں، کسی کے کھلونے، کسی کی یادیں اور کسی کے خواب ہوتے ہیں۔

اگر ایک شہری مکان پر ڈرون حملہ ہوا تو یہ معمولی معاملہ نہیں۔ اس کی آزادانہ تحقیقات، ویڈیوز کا فرانزک جائزہ، نقصان کی تفصیل اور ذمہ داری کا تعین ضروری ہے۔

کیا کسی نے ان گھروں میں موجود بچوں کے خوف کا اندازہ لگایا؟ کیا کسی نے ان خاندانوں سے پوچھا کہ دھماکے کے بعد ان کی رات کیسے گزری؟

اور پھر وہی سوال، جو جون سے بار بار اٹھتا رہا: کیا ان اموات کی مکمل، غیر جانب دارانہ اور شفاف تحقیقات ہوں گی؟ کیا زخمیوں کی درست فہرست جاری ہوگی؟ کیا ہر خاندان کو حقیقت معلوم ہو سکے گی؟ کیا کسی کو بھی قانون سے بالاتر رہنے دیا جائے گا؟

۞ بارہ نومبر: چودہ سالہ معصوم عائشہ ثاقب کی شہادت

اور پھر بارہ نومبر 2026ء کو راولاکوٹ سے ایک اور دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی۔

چودہ سالہ عائشہ ثاقب فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہو گئیں، جس نے ایک بار پھر پورے خطے کو سوگوار کر دیا۔ عائشہ متیال میرا بس ٹرمینل کے قریب رہنے والی ایک کم عمر طالبہ تھی۔ اس کی بارہ سالہ بہن کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

دوسری جانب سرکاری ریڈیو پاکستان نے اسی علاقے میں فائرنگ سے دو کم عمر بچیوں کے زخمی ہونے کا پولیس مؤقف شائع کیا۔ واقعے کی مکمل تفصیلات اور ذمہ داری کے تعین کے لیے غیر جانب دارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔

لیکن ذرا ایک لمحے کے لیے سیاست، الزامات اور مؤقف سے ہٹ کر اس معصوم بچی کو دیکھیے۔

چودہ سال کی عمر میں ایک بچی کے ہاتھ میں کتاب ہونی چاہیے، اسکول کا بستہ ہونا چاہیے، اس کی آنکھوں میں مستقبل کے خواب ہونے چاہییں۔ اسے یہ فکر ہونی چاہیے کہ کل امتحان میں کون سا سوال آئے گا، اپنی سہیلیوں کے ساتھ کون سا کھیل کھیلنا ہے، اور گھر واپس جا کر ماں کو کیا سنانا ہے۔

مگر عائشہ کے نام کے ساتھ اب ایک ایسی خبر جڑ گئی جس نے ایک خاندان کی دنیا بدل دی۔

سوچیے، جس ماں نے اپنی بیٹی کو اسکول کے لیے تیار کیا ہوگا، جس باپ نے اس کی تعلیم اور مستقبل کے خواب دیکھے ہوں گے، جس بہن نے اس کے ساتھ بچپن گزارا ہوگا، ان سب پر کیا گزری ہوگی؟

گھر میں ایک بچی کی آواز کم ہو جائے تو صرف ایک کمرہ خاموش نہیں ہوتا، پورا گھر خاموش ہو جاتا ہے۔

اس کی کتابیں شاید وہیں پڑی ہوں گی۔ اس کے کپڑے شاید الماری میں ہوں گے۔ اس کی کوئی خواہش ادھوری رہ گئی ہوگی۔ اس نے شاید کسی دن اپنی ماں سے کوئی وعدہ کیا ہوگا، کسی سہیلی سے ملنے کا ارادہ کیا ہوگا، کسی امتحان کی تیاری کرنی ہوگی۔

مگر اب اس کے گھر والوں کے پاس یادیں ہیں، آنسو ہیں اور ایسے سوال ہیں جن کے جواب انصاف کے بغیر نہیں مل سکتے۔

آخر اس معصوم بچی کا قصور کیا تھا؟

بچوں کو سیاسی اختلافات، طاقت کے استعمال اور مسلح تصادم کی قیمت کیوں ادا کرنی پڑے؟ شہری آبادی میں فائرنگ کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کیوں نہ ہوں؟ ذمہ داروں کا تعین کب ہوگا؟

عائشہ کی موت کے حوالے سے تمام دستیاب شواہد، گواہوں کے بیانات، طبی ریکارڈ اور ویڈیوز محفوظ کیے جانے چاہییں، تاکہ حقیقت سامنے آ سکے اور اس خاندان کو انصاف مل سکے۔

عائشہ صرف ایک نام نہیں، وہ اس سوال کی علامت ہے کہ آخر اس سرزمین کے بچوں کو کب محفوظ زندگی ملے گی؟

۞ پانچ جون سے بارہ نومبر: اصل المیہ کیا ہے؟

اس پورے عرصے کو دیکھیں تو صرف احتجاج اور کارروائیوں کی کہانی نظر نہیں آتی۔ ایک وسیع انسانی بحران سامنے آتا ہے:

  • شہریوں کی اموات اور زخمی ہونے کے واقعات؛
  • پولیس اہلکاروں کی ہلاکتیں اور زخمی ہونا؛
  • گرفتاریوں، مقدمات اور حراست کے معاملات؛
  • بعض افراد کے لاپتہ ہونے یا خاندانوں سے رابطہ منقطع ہونے کے الزامات؛
  • انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش؛
  • صحافیوں اور اظہارِ رائے کی آزادی سے متعلق خدشات؛
  • خوراک، ادویات، بچوں کے دودھ اور ہسپتالوں تک رسائی میں رکاوٹوں کی اطلاعات؛
  • کاروبار، روزگار اور روزمرہ زندگی پر اثرات؛
  • تعلیمی سرگرمیوں میں خلل؛
  • متاثرہ خاندانوں کو معلومات، انصاف اور قانونی مدد کی ضرورت۔

یہ وہ حقائق اور خدشات ہیں جنہیں مختلف انسانی حقوق کی دستاویزات نے اپنے اپنے دائرۂ کار میں درج کیا ہے۔

ان سب کے درمیان ایک سوال ہے جو کسی رپورٹ کے صفحے پر مکمل نہیں اترتا:

ان خاندانوں کا کیا ہوگا جن کی زندگیوں میں اب کبھی پہلے جیسی صبح نہیں آئے گی۔

۞ ایک ماں کے نام، جس کا بیٹا واپس نہیں آیا

اے ماں!

ہم تمہارے دکھ کی پوری گہرائی نہیں جانتے۔ ہم یہ بھی نہیں جانتے کہ تم رات کو کتنی بار اٹھ کر اپنے بیٹے کی تصویر دیکھتی ہو۔ ہمیں معلوم نہیں کہ اس کے کپڑے اب بھی الماری میں رکھے ہیں یا تم نے انہیں سینے سے لگا رکھا ہے۔ ہمیں نہیں معلوم کہ اس کا نمبر آج بھی تمہارے فون میں محفوظ ہے یا تم نے اسے کبھی مٹانے کی ہمت نہیں کی۔

ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ دنیا کے لیے ایک خبر ختم ہو جاتی ہے، مگر ماں کے لیے بیٹے کی جدائی ختم نہیں ہوتی۔

اے بہن!

تمہارا بھائی صرف تحریک کا ایک نام نہیں تھا۔ وہ تمہارا بچپن تھا، تمہاری لڑائیوں کا ساتھی تھا، تمہاری خوشیوں کا حصہ تھا۔ اب عید آئے گی تو تم کس کے ہاتھ پر مہندی دکھاؤ گی؟ گھر میں کوئی خوشی آئے گی تو سب سے پہلے کس کو فون کرو گی؟

اے باپ!

تم نے اپنے بیٹے کے لیے کتنے خواب دیکھے ہوں گے۔ شاید اس کی تعلیم، اس کے روزگار، اس کے گھر اور اس کے مستقبل کے منصوبے بنائے ہوں گے۔ آج تمہارے سامنے اس کی تصویر ہے اور دل میں ہزار سوال۔ کوئی تمہیں یہ نہیں بتا سکتا کہ تمہارے اندر جو ٹوٹا ہے وہ کیسے جڑے گا۔

اے بچے!

تم شاید ابھی اتنے بڑے نہیں ہو کہ سیاست سمجھ سکو۔ تمہیں بس اتنا معلوم ہے کہ گھر میں اب کوئی آواز کم ہو گئی ہے۔ کوئی تمہیں کندھوں پر نہیں اٹھاتا، کوئی تمہارے لیے کھلونے نہیں لاتا، کوئی تمہاری شرارتوں پر ہنستا نہیں۔ تمہارا سوال شاید بہت چھوٹا ہے: ابو کب آئیں گے؟

اور اس سوال کا جواب دینے کے لیے گھر کے بڑے بھی شاید الفاظ نہیں ڈھونڈ پاتے۔

۞ ہمیں کیا چاہیے؟

ہمیں کسی کے خلاف نفرت نہیں چاہیے۔ ہمیں کسی اور گھر میں ماتم نہیں چاہیے۔ ہمیں مزید جنازے، مزید زخمی، مزید گرفتاریاں اور مزید خاموشیاں نہیں چاہییں۔

ہمیں چاہیے کہ ہر موت کی آزادانہ تحقیقات ہوں۔ ہر زخمی کو علاج ملے۔ ہر گرفتار شخص کو قانون کے مطابق وکیل اور خاندان تک رسائی ملے۔ ہر لاپتہ شخص کے بارے میں واضح معلومات دی جائیں۔ ہر خاندان کو اپنے پیارے کی لاش، قبر اور قانونی حیثیت کے بارے میں سچ بتایا جائے۔ صحافیوں کو آزادانہ رپورٹنگ کا حق ملے۔ بچوں کے اسکول کھلیں۔ مریضوں کو علاج ملے۔ عوامی شکایات کا جواب طاقت سے نہیں، مکالمے سے دیا جائے۔

ریاست کی طاقت کا اصل وقار اس میں ہے کہ اس کا شہری محفوظ ہو، اس کی آواز سنی جائے اور اس کے ساتھ انصاف ہو۔

جو بھی شہری قانون توڑے، اس کے خلاف شفاف قانونی کارروائی ہو؛ مگر کسی ایک فرد کے عمل کی سزا پورے معاشرے، کسی خاندان یا کسی پُرامن اجتماع کو نہیں ملنی چاہیے۔

اور جو بھی شخص طاقت کے ناجائز استعمال، تشدد یا کسی شہری کی موت کا ذمہ دار ہو، اس کا تعین بھی ثبوتوں اور قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔

۞ آخری سوال

آج تیرہ نومبر ہے۔

پانچ جون سے آج تک پانچ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ دنیا اپنی مصروفیات میں واپس جا رہی ہے۔ کہیں انتخابات کی بات ہو رہی ہے، کہیں سیاست کے نئے اتحاد بن رہے ہیں، کہیں نئی خبریں آ رہی ہیں۔ مگر آزاد کشمیر کے بہت سے گھروں میں ایک ہی خبر ابھی ختم نہیں ہوئی۔

وہ خبر کسی ماں کے دل میں ہے۔

وہ خبر کسی بہن کی آنکھ میں ہے۔

وہ خبر کسی بچے کے سوال میں ہے۔

وہ خبر کسی زخمی کے جسم پر موجود نشان میں ہے۔

وہ خبر کسی باپ کے خاموش چہرے پر لکھی ہے۔

اور وہ خبر ان خاندانوں کے دروازوں پر دستک دے رہی ہے جو آج بھی اپنے پیاروں کے لیے انصاف کے منتظر ہیں۔

ہماری تاریخ میں بہت سے سیاسی واقعات لکھے جائیں گے۔ بہت سے رہنماؤں کے نام آئیں گے۔ بہت سی تقریریں محفوظ ہوں گی۔ بہت سے معاہدے اور نوٹیفکیشن کتابوں میں درج ہوں گے۔ مگر اگر اس تاریخ میں ان ماؤں کے آنسو، ان بچوں کی محرومیاں، ان زخمیوں کی تکلیف اور ان خاندانوں کے سوال محفوظ نہ ہوئے تو یہ تاریخ ادھوری رہے گی۔

پانچ جون سے بارہ نومبر تک کا سب سے بڑا سوال یہ نہیں کہ کس نے کتنے نعرے لگائے؛ سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کتنے گھر اجڑے، کتنے لوگ اپنے پیاروں سے محروم ہوئے، کتنے خاندان آج بھی سچ کے منتظر ہیں، اور ان سب کو انصاف کب ملے گا؟

اے کشمیر!

تیری وادیوں میں بہاریں پھر آئیں، تیرے بچوں کے ہاتھوں میں کتابیں ہوں، تیرے بازاروں میں زندگی لوٹے، تیرے گھروں میں خوشیاں واپس آئیں۔ تیری ماؤں کو اپنے بیٹوں کی سلامتی کی فکر نہ ہو، تیری بہنوں کو اپنے بھائیوں کی واپسی کا انتظار نہ کرنا پڑے، اور تیری باپوں کو اپنے جوان بیٹوں کے جنازے نہ اٹھانے پڑیں۔

خدا کرے کہ اب اس سرزمین سے صرف بچوں کی ہنسی کی آواز آئے، کسی ماں کی چیخ نہیں۔

یہ تحریر ان تمام متاثرہ خاندانوں کے نام ہے جن کے دکھ کو نہ کسی سیاسی نعرے میں سمیٹا جا سکتا ہے، نہ کسی سرکاری بیان میں، نہ کسی رپورٹ کے ایک صفحے میں۔ ان کا حق صرف ایک ہے: سچ، انصاف اور عزت۔

۞ اس تحریر کی دستاویزی بنیاد

یہ تحریر دستیاب رپورٹوں اور بیانات کو سامنے رکھ کر لکھی گئی ہے، بالخصوص:

  • ایمنسٹی انٹرنیشنل، 9 جون 2026ء — پابندی، مواصلاتی بندش، گرفتاریوں اور ابتدائی ہلاکتوں کی رپورٹ۔
  • جموں کشمیر ہیومن رائٹس آبزرویٹری، 27 جون 2026ء — 5 تا 23 جون کے واقعات، طبی رسائی، گرفتاریوں اور انسانی بحران کی رپورٹ۔
  • اقوام متحدہ، 17 جولائی 2026ء — اموات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات، حراست اور مواصلاتی آزادی سے متعلق بیان۔
  • جموں کشمیر ہیومن رائٹس آبزرویٹری، 28 جولائی 2026ء — لانگ مارچ اور طبی امداد سے متعلق رپورٹ۔
  • HRCP، 29 اگست 2026ء — فیکٹ فائنڈنگ مشن اور سیاسی مذاکرات کی سفارشات۔
  • جموں کشمیر ہیومن رائٹس آبزرویٹری، 4 اکتوبر 2026ء — 22 ستمبر تک اموات، حراست اور گمشدگیوں کی دستاویز۔
  • جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی، 5 نومبر 2026ء — راولاکوٹ کے واقعے میں تین اموات اور ابتدائی 18 زخمیوں کی فہرست۔
  • ڈان نیوز، 30 اکتوبر 2026ء — باغ کے گاؤں پنڈی میں گھر کے دھماکے سے چار اموات اور ایک زخمی ہونے کی خبر۔
  • کاشگل نیوز، 5 نومبر 2026ء — متیال میرا بس ٹرمینل کے قریب مبینہ ڈرون حملے اور رہائشی مکان کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات۔
  • جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور مقامی ذرائع، جولائی 2026ء — ڈاکٹر اسامہ جمیل اور کمانڈر فاروق کی اموات سے متعلق ریکارڈ۔
  • کاشگل نیوز، 12 نومبر 2026ء — چودہ سالہ عائشہ ثاقب کی ہلاکت سے متعلق مقامی رپورٹ۔
  • ریڈیو پاکستان، 12 نومبر 2026ء — راولاکوٹ بس ٹرمینل کے قریب دو بچیوں کے زخمی ہونے سے متعلق پولیس کا مؤقف۔

٭٭٭

Share this content: