پندی دھماکہ: 18 روز بعد بھی وجہ سامنے نہ آ سکی

اسٹوری: فرحان طارق

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع باغ کے جنوبی علاقے میں واقع گاؤں پندی میں 29 اکتوبر کی رات ایک گھر میں ہونے والے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک جبکہ ایک بچی زخمی ہوئی تھی۔

واقعے کے تقریباً دو ہفتے بعد متاثرہ خاندان کے سربراہ شکتر خان کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے دھماکے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مختلف دعوؤں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

شکتر خان نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض افراد کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی کوئی چیز بچے باہر سے لے کر آئے تھے، تاہم ان کے مطابق ان دعوؤں کی کوئی بنیاد نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی شخص کو واقعے سے متعلق معلومات ہیں تو وہ اپنے دعوے کی ذمہ داری قبول کرے اور بتائے کہ اسے یہ معلومات کہاں سے ملیں۔

شکتر خان کے مطابق ان کے گھر سے تقریباً نصف کلومیٹر کے فاصلے پر پولیس چوکی موجود ہے، لیکن دھماکے کے بعد فوری طور پر پولیس موقع پر نہیں پہنچی۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت گھر میں موجود افراد زخمی حالت میں پڑے رہے اور اہلِ خانہ نے پولیس کو اطلاع بھی دی، تاہم ان کے مطابق کوئی فوری مدد نہیں پہنچی۔

شکتر خان نے سوشل میڈیا پر ایک شخص کی جانب سے دھماکے کو گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ قرار دینے پر بھی سوال اٹھایا۔ ان کے مطابق مذکورہ شخص نے واقعے کے چند ہی منٹ بعد سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا، حالانکہ ان کے گھر میں گیس سلنڈر موجود نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ مذکورہ شخص کو دھماکے کی نوعیت کے بارے میں اتنی جلدی معلومات کیسے ملیں۔

شکتر خان نے اپنے بیان میں چند مقامی افراد پر بھی واقعے میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے اور حکومت، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے ان الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ تاہم ان افراد پر عائد الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

خاندان اور مقامی کشیدگی کا پس منظر

شکتر خان نے اپنے بیان میں دھماکے سے پہلے علاقے میں جاری کشیدگی کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق 5 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج کے دوران ان کے بچوں اور دیگر اہلِ خانہ کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کی گئی۔

انہوں نے بعض مقامی افراد پر احتجاج کے دوران پولیس کو مظاہرین کے خلاف کارروائی کرنے اور انہیں منتشر کرنے کے لیے کہنے کا الزام بھی عائد کیا۔

شکتر خان کے مطابق ان کا خاندان کسی سیاسی یا تنظیمی سرگرمی میں ملوث نہیں تھا اور وہ تین سال سے زائد عرصے سے کراچی میں روزگار کے سلسلے میں مقیم تھے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد وہ کراچی سے واپس آئے اور ان کے گھر میں چار جنازے ہوئے، جبکہ ان کے ایک بھتیجے کو، جو اس وقت پولیس کی حراست میں تھا، آخری دیدار کے لیے بھی نہیں لایا گیا۔

بھتیجے کا مؤقف

شکتر خان کے بھتیجے باسط علی نے بتایا کہ 26 اکتوبر کو تھانہ سٹی باغ میں تسلیم عرف تتو کی جانب سے ایک ایف آئی آر درج کرائی گئی، جس میں ان کے چچا کے خاندان کے افراد اور 25 اکتوبر کو ہلاک ہونے والے شایان اظہر کے چچا سبیل انور سمیت متعدد افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

باسط علی کے مطابق ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جیک سے وابستہ مسلح افراد نے گھر پر حملہ کیا، خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا اور فائرنگ کی، جس سے گھر کی چھتیں متاثر ہوئیں۔

باسط علی کا کہنا تھا کہ ماضی میں ان کے خاندان اور تسلیم کے درمیان کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ تاہم ان کے مطابق علاقے میں گزشتہ دو ماہ سے جاری کشیدگی کے دوران ایک روز تسلیم پیدل باغ جا رہا تھا اور ان کے گھر کے قریب سے گزرا، جہاں بچوں نے نعرے لگائے۔

باسط علی کے مطابق تسلیم نے ان کی چچی سے پوچھا کہ یہ کس کے بچے ہیں، جس پر انہوں نے بتایا کہ یہ ان کے بچے ہیں۔ باسط علی کے مطابق اس موقع پر تسلیم نے مبینہ طور پر کہا کہ ’’آپ بھی ادھر ہیں، ہم بھی دیکھ لیں گے۔‘‘

اس دعوے کی بھی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

پولیس کی کارروائی پر سوالات

متاثرہ خاندان کے مطابق پولیس آخری مرتبہ 30 اکتوبر کو جائے وقوعہ پر آئی تھی، جس کے بعد انہیں تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

باسط علی نے بتایا کہ 30 اکتوبر کو دوپہر کے وقت چوکی افسر حبیب کے ہمراہ متعدد نوجوان ایک سفید ویگنار کار اور پولیس پک اپ میں ان کے گھر آئے۔

ان کے مطابق ایک نوجوان نے ماسک پہن رکھا تھا، جس کے بارے میں بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ اس کا نام کوکب راٹھور ہے۔

باسط علی کے مطابق چوکی افسر نے بتایا کہ یہ ایک تحقیقاتی ٹیم ہے جو جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے آئی ہے، تاہم خاندان کو اس ٹیم کے ارکان اور ان کے کردار کے بارے میں پہلے سے کوئی معلومات نہیں دی گئی تھیں۔

مقامی ذرائع کے دعوے

مقامی ذرائع کے مطابق تسلیم بلال گیسٹ ہاؤس کے نام سے کاروبار کرتا ہے اور حالیہ کشیدگی کے دوران اس کے گیسٹ ہاؤس میں سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی قیام پذیر رہے ہیں۔

مقامی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تسلیم ماضی میں مختلف مقدمات میں پولیس حراست میں رہ چکا ہے اور اسے مقامی سیاسی شخصیات کی حمایت حاصل ہے۔

تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ۔

متاثرہ خاندان کے مطابق گاؤں پندی میں اب تک کم از کم سات نوجوانوں کو حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے مبینہ وابستگی کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

حکام سے مؤقف طلب

اس معاملے میں پولیس اور دیگر متعلقہ حکام سے واقعے کی تحقیقات، جائے وقوعہ سے حاصل کیے گئے شواہد، دھماکے کی نوعیت، گیس سلنڈر سے متعلق دعوے، ایف آئی آرز اور گرفتار افراد کے بارے میں مؤقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم رپورٹ تیار کیے جانے تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

متاثرہ خاندان کا مطالبہ ہے کہ دھماکے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں، سوشل میڈیا پر واقعے سے متعلق مختلف دعوے کرنے والے افراد سے بھی پوچھ گچھ کی جائے اور اگر کسی شخص کا واقعے سے تعلق ثابت ہو تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

شکتر خان کا کہنا ہے کہ ان کا مطالبہ صرف اپنے خاندان کے لیے انصاف نہیں بلکہ یہ بھی ہے کہ مستقبل میں کسی دوسرے خاندان کو ایسے واقعے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Share this content: