جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JKJAAC) نے 16 نومبر 2026ء کو راولاکوٹ سے ایک تفصیلی پالیسی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں جاری عوامی دھرنوں پر طاقت کے استعمال، ناکہ بندی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے درج ذیل اہم نکات اور مطالبات پیش کیے ہیں:
فوجی آپریشن اور شہادتوں کی مذمت:
کمیٹی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 29 اکتوبر 2026ء سے انٹری پوائنٹس کی ناکہ بندی کر کے دھرنوں کو کچلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ 5 نومبر سے بھاری ہتھیاروں (بشمول ایل ایم جی، مارٹر گنز، ڈرون بم اور آر پی جی) کے استعمال سے پُرامن شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ تتیالسیرہ میں رہائشی و کمرشل عمارتوں کو نذرِ آتش کرنے، مکانات پر قبضے اور مقامی آبادی کو جبری ہجرت پر مجبور کرنے کے اقدامات جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔ کمیٹی نے 12 نومبر کو تتیالسیرہ میں 14 سالہ طالبہ عائشہ ثاقب کی شہادت اور ان کی بہن کے زخمی ہونے کے واقعے کی بھی شدید مذمت کی ہے۔
ناکہ بندی اور بنیادی ضروریات کی بندش:
اعلامیہ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 29 اکتوبر سے دھرنوں کے مرکزی مقامات کی مسلسل ناکہ بندی کر کے شہریوں کے لیے خوراک، علاج معالجے اور رسل و رسائل کی ترسیل پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انتخابی عمل اور سیاسی موقف:
کمیٹی نے واضح کیا کہ ان کی تحریک خالصتاً پُرامن، سیاسی اور جمہوری ہے جو چارٹر آف ڈیمانڈز پر ہونے والے سہ فریقی معاہدے پر عملدرآمد کے لیے جاری ہے۔ اعلامیہ میں حالیہ انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ 7 انتخابی حلقوں میں انتخابات مکمل نہیں ہو سکے اور غیر ملکی میڈیا (بشمول بی بی سی اور الجزیرہ) کو کوریج سے روکا گیا۔ کمیٹی نے خود کو کالعدم قرار دیے جانے کے اقدام کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ حکومت کو ختم کر کے نئے انتخابات کروائے جائیں۔
پُرامن جدوجہد کا اعادہ اور گرفتاریوں کی مذمت:
کمیٹی نے سرکاری سطح پر عائد کیے جانے والے دہشت گردی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا کو خطے کے دورے کی دعوت دی ہے۔ اعلامیہ میں 9 نومبر کو ریاست بھر میں مظاہرین پر تشدد اور کوٹلی میں محترمہ روبینہ اختر کی گرفتاری کی بھی مذمت کی گئی ہے۔
عوامی مزاحمت کو خراجِ تحسین اور عالمی اداروں کا شکریہ:
کمیٹی نے پنجیڑہ، سرساوا، انوئی سرہوٹہ، کلاں، مند باڑی اور ضلع کوٹلی کے عوام کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے میرپور ڈویژن کے عوام سے تحریک کو مزید منظم کرنے کی اپیل کی ہے۔ آخر میں کمیٹی نے صورتحال کا نوٹس لینے پر ایران، عرب ذرائع ابلاغ، اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کیا ہے۔
Share this content:


