کشمیرمیں پاکستانی فورسز کی جبر کے خلاف واشنگٹن ڈی سی میں احتجاجی مظاہرہ

امریکہ میں مقیم کشمیری ڈائسپورا کی جانب سے 14 نومبر 2026 کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے مشہور مقام واشنگٹن مونیومنٹ (Washington Monument) کے سامنے ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

یہ مظاہرہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں سیکیورٹی فورسز کی جبر و بربریت، انسانی حقوق کی پامالیوں اور پرامن عوامی تحریک کے خلاف ریاستی طاقت کے استعمال کے خلاف ریکارڈ کرایا گیا۔

مظاہرے میں کشمیری کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ پاکستانی حکومت اور فوجی اسٹیبلشمنٹ کی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کر رہے تھے۔

احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین اور شرکاء نے کہا کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں بنیادی حقوق کے حصول کے لیے جاری پرامن عوامی تحریک کو طاقت اور تشدد کے ذریعے دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور امریکی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں جاری ریاستی جبر، شہری آزادیوں کی پامالی اور نہتے عوام پر تشدد کا فوری نوٹس لیں۔

مظاہرے کے اختتام پر شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ بیرونِ ملک مقیم کشمیری اپنے ہم وطنوں کی جائز جدوجہد اور بنیادی حقوق کی تحریک کی بھرپور اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے اور عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرتے رہیں گے۔

Share this content: