کشمیر میں پاکستانی فورسز کی جبر کے خلاف کینیڈا کے شہر ایڈمونٹن میں بڑا احتجاجی مظاہرہ

جموں کشمیر کمیونٹی ایڈمونٹن (Jammu & Kashmir Community Edmonton) کے زیرِ اہتمام 15 نومبر 2026 بروز اتوار دوپہر ایک بجے کینیڈا کے صوبہ البرٹا کے دارالحکومت ایڈمونٹن میں البرٹا لیجسلیچر (Alberta Legislature) کے سامنے ایک بھرپور اور پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اس احتجاج کا مقصد پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں جاری عوامی تحریک سے اظہارِ یکجہتی کرنا اور ریاستی بربریت کے خلاف عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا تھا۔

احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں کی تعداد میں کشمیری کمیونٹی کے افراد اور انسانی حقوق کے حامیوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر آزادی پسند رہنما صدام اعظم اور جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی (JKPNP) کینیڈا کے صدر عدنان یعقوب سمیت دیگر نمایاں سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی خصوصی شرکت کی۔

مظاہرے کے شرکاء اور مقررین نے پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں گزشتہ پانچ ماہ سے جاری پرامن عوامی احتجاج و دھرنوں کو طاقت کے ذریعے دبانے، پاکستانی فورسز کی جبر و قتلِ عام اور کشمیری نسل کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

منتظمین اور مقررین نے نشاندہی کی کہ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران جاری ریاستی کریک ڈاؤن اور تشدد میں 120 سے زائد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جو ایک سنگین انسانی المیہ ہے۔

مظاہرین نے خطے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو فی الفور بند کرنے، شہریوں کو انصاف اور عزت دینے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔

احتجاج کے اختتام پر مظاہرین نے اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں جاری ریاستی تشدد اور بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور مظلوم کشمیری عوام کے تحفظ کے لیے مؤثر مداخلت کریں۔

Share this content: