’’میری بیوی ٹیوشن پڑھاتی ہے، میں کرائے کے گھر میں رہتا ہوں‘‘مگر چوہدری انوارلحق نے اثاثے گوشوارے میں کیا کچھ ظاہر کیا ہے؟

خصوصی تحقیقاتی سیریز: اقتدار اور اثاثے

اسٹوری: فرحان طارق / مظفرآباد


عوامی عہدوں پر فائز شخصیات کے عوامی بیانات اور سرکاری دستاویزات میں درج حقائق کے درمیان کتنا فرق ہوتا ہے؟

کاشگل نیوز کی خصوصی تحقیقاتی سیریز ’اقتدار اور اثاثے‘ میں ہم پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی بااثر سیاسی شخصیات اور حکمرانوں کے انتخابی گوشواروں، جائیدادوں، بینک اکاؤنٹس اور ذرائع آمدن کا دستاویزی ریکارڈ عوام کے سامنے لا رہے ہیں۔جیسے سیاست دانوں کے عوامی بیانیے اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے سرکاری گوشواروں کی حقیقت کیا ہے؟

اس سیریز کا مقصد محض اعداد و شمار پیش کرنا نہیں، بلکہ عوامی احتساب اور مالی شفافیت کے تقاضوں کو اجاگر کرنا ہے۔

پیش ہے اس سلسلے کی پہلی کڑی، جو سابق وزیرِ اعظم چوہدری انوار الحق کے مالی معاملات اور اثاثہ گوشوارے کا احاطہ کرتی ہے۔ کاشگل نیوز

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے سابق وزیرِ اعظم چوہدری انوار الحق کا تعلق ضلع بھمبر سے ہے۔ وہ حلقہ ایل اے 7 بھمبر 3 سے متعدد بار قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور اسپیکر قانون ساز اسمبلی سمیت مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے۔

چوہدری انوار الحق پہلی مرتبہ اگست 2010 سے جولائی 2011 تک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر رہے، جبکہ 2021 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریکِ انصاف کے ٹکٹ پر کامیابی کے بعد اگست 2021 میں دوبارہ اسپیکر منتخب ہوئے۔

سابق وزیرِ اعظم سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد 20 اپریل 2023 کو چوہدری انوار الحق 48 ووٹ حاصل کر کے بلامقابلہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے 15ویں وزیرِ اعظم منتخب ہوئے۔

تاہم 17 نومبر 2025 کو قانون ساز اسمبلی میں ان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد وہ وزارتِ عظمیٰ کے منصب سے سبکدوش ہوئے اور راجہ فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیرِ اعظم منتخب ہوئے۔

’’میں اپنی اہلیہ کا مقروض ہوں‘‘

چوہدری انوار الحق نے 22 نومبر 2025 کو ایک نجی پاکستانی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے مالی معاملات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے وزارتِ عظمیٰ کے دوران تنخواہ اور ٹی اے ڈی اے وصول نہیں کیا۔

ان کے مطابق ان کی اہلیہ ٹیوشن پڑھاتی تھیں اور وہ گزشتہ ڈھائی برس سے اپنی اہلیہ کے مقروض ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ اسلام آباد میں ان کا اپنا گھر نہیں ہے اور وہ ڈی ایچ اے میں کرائے کے مکان میں رہتے تھے، تاہم مکان کے مالک کے واپس آنے کے بعد وہ عارضی طور پر کشمیر میں رہائش پذیر ہیں۔

الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشوارے میں کیا ظاہر کیا گیا؟

الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثہ گوشوارے کے مطابق چوہدری انوار الحق کے نام پاکستان زیر انتظام کشمیر میں بھمبر کے علاقے موہڑہ سدھا میں دو اعلیٰ مکانات سمیت تقریباً 85 کنال اراضی ظاہر کی گئی ہے۔

گوشوارے میں بھمبر شہر میں ایک مکان، تین ہال، دکانوں اور دیگر تعمیرات میں چوتھائی حصے کے علاوہ بھمبر رجانی میں 15 مرلے کی بلڈنگ بھی ظاہر کی گئی ہے۔

گوشوارے کے مطابق ان کے نام اسلام آباد کے موضع پنڈڑیاں میں پانچ مرلے اراضی بھی درج ہے۔

اسی طرح مری میں خالد روڈ پر ایک کنال اراضی پر رہائشی مکان اور لاہور کے کیلوری گراؤنڈ میں بھی ایک رہائشی مکان گوشوارے میں ظاہر کیا گیا ہے۔

بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم

اثاثہ گوشوارے میں مختلف بینکوں میں موجود رقوم بھی ظاہر کی گئی ہیں۔

گوشوارے کے مطابق HBL بھمبر کے مختلف اکاؤنٹس میں بالترتیب تقریباً 1,986 روپے، 20 لاکھ 10 ہزار 799 روپے، 24 لاکھ 29 ہزار 586 روپے اور 60 ہزار 738 روپے موجود تھے۔

اسی طرح UBL کے تین اکاؤنٹس میں تقریباً 22 لاکھ 49 ہزار 816 روپے، 1,504 روپے اور 7,625 روپے ظاہر کیے گئے ہیں۔

نیشنل بینک مظفرآباد کے ایک اکاؤنٹ میں 20 لاکھ 5 ہزار 207 روپے جبکہ الائیڈ بینک کے ایک اکاؤنٹ میں 1 لاکھ 84 ہزار 939 روپے ظاہر کیے گئے ہیں۔

ماہانہ آمدن اور ٹیکس

گوشوارے میں ماہانہ آمدن 1 لاکھ 86 ہزار 75 روپے ظاہر کی گئی ہے۔

دستاویز میں ٹیکس سے متعلق تفصیلات بھی شامل ہیں، جن کے مطابق گوشوارے میں تقریباً 72 ہزار 86 روپے کی ٹیکس کٹوتی ظاہر کی گئی ہے۔

بیٹے کی تعلیم

چوہدری انوار الحق کے اثاثہ گوشوارے میں ان کے بیٹے کی تعلیم کا بھی ذکر موجود ہے۔ گوشوارے کے مطابق ان کا بیٹا بیکن ہاؤس لاہور میں زیرِ تعلیم ہے۔

گوشوارے میں سابق وزیراعظم کی جانب سے کہا گیا کہ مظہرحال کی اہلیہ کے پاس 45 تولہ سونا بمشکل زیورات موجود ہیں ۔

یوں ایک جانب سابق وزیرِ اعظم اپنے ایک انٹرویو میں یہ کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے دورانِ اقتدار تنخواہ اور ٹی اے ڈی اے وصول نہیں کیا اور اپنی اہلیہ کے مقروض ہیں، جبکہ دوسری جانب الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثہ گوشوارے میں ان کے نام مختلف شہروں میں جائیدادیں، متعدد بینک اکاؤنٹس اور ان میں موجود رقوم درج ہیں۔

یہ اعداد و شمار چوہدری انوار الحق کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثہ گوشوارے میں درج تفصیلات پر مبنی ہیں۔

٭٭٭

Share this content: