محمد خورشید بیگ
کشمیر کوئی انتظامی یونٹ نہیں، کوئی صوبہ نہیں، کوئی جاگیر نہیں جسے جب چاہا تقسیم کر دیا، جسے جب چاہا کسی دوسرے انتظامی ڈھانچے میں ضم کر دیا۔ یہ ایک تاریخی ریاست ہے، ایک دھرتی ہے، ایک قوم کا وطن ہے، جس کی آزادی، خودمختاری اور قومی تشخص کے لیے نسل در نسل قربانیاں دی گئی ہیں۔
آج اگر پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کو صوبہ بنانے کی کوئی کوشش کی جاتی ہے تو یہ محض انتظامی تبدیلی نہیں ہوگی بلکہ ایک پوری قوم کے تاریخی تشخص، سیاسی مستقبل اور حقِ خودارادیت سے جڑا ہوا سوال ہوگا تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں بھی کشمیر کو صوبائی حیثیت دینے کی بحث سامنے آئی تھی۔
اس وقت بھی کشمیری عوام کے اندر سے اس تصور کے خلاف آوازیں بلند ہوئیں۔ میرپور کی گلیوں میں جب بھٹو کے جلوس کے دوران صوبہ بنانے کی بات سامنے آئی تو ارشد بلو شہید نے للکار کر کہا تھا بھٹو جی ! یہ کام نہ ہونے دیں گے، غیرت کا نیلام نہ ہونے دیں گے، بچہ بچہ کٹ مرے گا، کشمیر صوبہ نہیں بنے گا۔
یہ محض چند الفاظ نہیں تھے بلکہ ایک قوم کے سیاسی احساسات، قومی شناخت اور اپنے وطن سے وابستگی کا اظہار تھا۔اسی قومی شناخت اور آزادی کے تصور کو کشمیر کے قومی ہیرو شہیدِ کشمیر مقبول بٹ شہید نے اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔
انہوں نے کہا تھا کہ میرے وطن تو ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔مقبول بٹ وہ نام ہے جسے کشمیری قوم نے اپنی آزادی کی جدوجہد کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں طرف سے آنے والے دباؤ اور ظلم کا سامنا کیا، مگر اپنے نظریے سے دستبردار نہیں ہوئے۔ بالآخر دھرتی ماں کی آزادی اور وقار کے لیے پھانسی کا پھندا قبول کیا اور شہادت کے عظیم منصب پر فائز ہوئے مقبول بٹ کی شہادت نے یہ سوال ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا کہ کشمیر کا مستقبل کشمیری عوام کی مرضی کے بغیر کیسے طے کیا جا سکتا ہے؟
باغ کی گلیوں میں فہیم اکرم شہید کی قربانی بھی اسی تاریخ کا ایک باب ہے۔ گلگت کے پہاڑوں میں امجد شہید نے بھی قربانی دی، جب گلگت کو صوبہ بنانے کی بات سامنے آئی۔ یہ واقعات اس حقیقت کی یاد دہانی ہیں کہ ریاست جموں و کشمیر کی وحدت اور قومی تشخص کا معاملہ محض سیاسی نعروں تک محدود نہیں رہا بلکہ اس کے ساتھ انسانی جانوں اور خاندانوں کی قربانیاں بھی وابستہ ہیں 1990ء میں مظفرآباد سے گل نواز بٹ شہید نے سیز فائر لائن کو اپنے قدموں تلے روند کر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے، اس کے عوام آزادی چاہتے ہیں اور اپنی سرزمین کے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا یہ اقدام ایک سیاسی پیغام تھا کہ تقسیم شدہ ریاست کے عوام کے درمیان قائم رکاوٹیں ان کے تاریخی اور قومی رشتوں کو ختم نہیں کر سکتیں۔
آج پھر مظفرآباد کی سرزمین سے ایک آواز بلند ہوئی ہے۔ شوکت نواز میر نے کھڑے ہو کر یہ مطالبہ کیا کہ شہیدِ کشمیر مقبول بٹ کے یومِ شہادت پر سرکاری تعطیل دی جائے۔ سوال یہ ہے کہ جس شخصیت نے کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جان قربان کی، اس کی قربانی کو یاد کرنا کس کے لیے ناقابل قبول ہو سکتا ہے؟ مقبول بٹ کا نام صرف ایک شخصیت کا نام نہیں بلکہ کشمیر کی تاریخ، سیاسی جدوجہد اور قومی آزادی کے سوال سے جڑا ہوا ہے۔
ان کے یومِ شہادت کو سرکاری سطح پر یاد کرنے کا مطالبہ ایک تاریخی اور سیاسی مطالبہ ہے مگر آج مظفرآباد سے آنے والی اطلاعات کے مطابق شوکت نواز میر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اگر ان کی گرفتاری کا مقصد ان کی آواز اور ان کے مؤقف کو دبانا ہے تو تاریخ کا سبق یاد رکھنا چاہیے کہ سیاسی سوالات گرفتاریوں سے ختم نہیں ہوتے۔ کسی شخص کو حراست میں لیا جا سکتا ہے، اس کے اظہار پر پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں، مگر ایک قوم کے سیاسی سوالات کو محض طاقت کے استعمال سے ختم نہیں کیا جا سکتا پاکستانی اسٹیبلشمنٹ، حکومت اور انتظامی اداروں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا معاملہ بندوق، گرفتاری، مقدمات اور انتظامی احکامات سے حل نہیں ہو سکتا۔
اس کے لیے ضروری ہے کہ کشمیری عوام کے سیاسی، تاریخی اور بنیادی حقوق کو تسلیم کیا جائے، ان کی آواز سنی جائے اور ان کے مستقبل کے بارے میں فیصلے ان کی آزادانہ مرضی اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں کے مطابق ہوں یہاں ایک بنیادی سوال بھی موجود ہے: اگر کشمیر ایک متنازعہ ریاست ہے تو اس کی حیثیت تبدیل کرنے کا اختیار کس کے پاس ہے ؟ کیا کسی حکومت یا انتظامی ادارے کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کشمیری عوام کی واضح سیاسی رضامندی کے بغیر ان کے وطن کی آئینی اور انتظامی شناخت تبدیل کر دے ؟
یہ سوال صرف آج کا نہیں، آنے والی نسلوں کے مستقبل کا سوال ہے شوکت نواز میر کی آواز ہو، ارشد بلو شہید کی للکار ہو، فہیم اکرم کی قربانی ہو، امجد شہید کی جدوجہد ہو، گل نواز بٹ شہید کا سیز فائر لائن عبور کرنا ہو یا مقبول بٹ شہید کی عظیم قربانی، یہ سب واقعات کشمیر کی تاریخ کے مختلف ادوار سے تعلق رکھتے ہیں، مگر ان کے درمیان ایک مشترکہ سوال موجود ہے ریاست جموں و کشمیر کے عوام اپنے وطن کے مستقبل کا فیصلہ خود کب کریں گے ؟ شوکت نواز میر کی گرفتاری سے ان کے مؤقف پر بحث ختم نہیں ہوگی۔
مظفرآباد کی گلیوں میں اٹھنے والے سوالات کا جواب گرفتاریوں سے نہیں بلکہ سیاسی مکالمے، آئینی ضمانتوں اور عوامی حقوق کے احترام سے دیا جا سکتا ہے کشمیر کسی کی جاگیر نہیں۔ یہ ایک تاریخی وطن ہے، جس کے عوام اپنی شناخت، اپنی سرزمین اور اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں رائے رکھنے کا حق رکھتے ہیں تاریخ کے صفحات پر شہداء کے نام ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ حکمران آئیں گے، حکومتیں بدلیں گی، اقتدار کے ایوان تبدیل ہوں گے، مگر کشمیر کی وحدت، شناخت اور آزادی کا سوال اپنی جگہ موجود رہے گا بچہ بچہ کٹ مرے گا، کشمیر صوبہ نہیں بنے گا یہ نعرہ ایک سیاسی مؤقف اور قومی تشخص کے تحفظ کے مطالبے کی علامت ہے۔
اس کا جواب طاقت سے نہیں، دلیل، انصاف اور کشمیری عوام کی آزادانہ سیاسی مرضی کے احترام سے دیا جانا چاہیے مادرِ وطن ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ اس کے عوام کی مرضی سے ہونا چاہیے اور ہو گا انشاء اللہ میرے وطن تو ایک دن ضرور آزاد ہوگا ۔
***
Share this content:


