کشمیر میں خون ریزی، شہریوں اور مبینہ طور پر اپنے ہی اہلکاروں کا قتل — بین الاقوامی تحقیقات سے آخر خوف کیوں؟

تحریر: خواجہ کبیر احمد

پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر میں گزشتہ ساڑھے تین سال سے جاری عوامی تحریک کے دوران مختلف اوقات میں ہونے والے بڑے احتجاجی واقعات میں شہریوں کی ہلاکتوں اور خون ریزی کا ایک سلسلہ سامنے آیا ہے۔ مظفرآباد سے چمیاٹی، دھیرکوٹ، کوٹلی، ڈڈیال،میرپور، بلوچ اور راولاکوٹ تک مختلف مقامات پر پیش آنے والے واقعات نے پوری ریاست کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ان واقعات میں شہریوں کی ہلاکتوں کی ذمہ داری پاکستانی فورسز پر عائد ہوتی رہی ہے۔ یہ واقعات محض چند افراد کی شکایات نہیں بلکہ ایسے سنگین معاملات ہیں جن کے حقائق، ذمہ داریوں اور پس پردہ کرداروں کا تعین ہونا ناگزیر ہے۔

ان واقعات کا سب سے زیادہ تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ پاکستانی فورسز پر صرف عام شہریوں کو قتل کرنے کے الزامات ہی نہیں بلکہ یہ سنگین الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں کہ اپنی کارروائیوں اور شہریوں کی ہلاکتوں کی ذمہ داری سے بچنے، اپنی ساکھ کو محفوظ رکھنے اور عوامی تحریک کو بدنام کرنے کے لیے مبینہ طور پر اپنے ہی اداروں کے اہلکاروں اور پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر کی پولیس کے اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، تاکہ ان ہلاکتوں کا الزام جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور اس کی پرامن عوامی تحریک پر ڈال کر اصل ذمہ داری سے بچا جا سکے۔

یہ انتہائی سنگین الزامات ہیں اور ان کی حقیقت سامنے لانا ضروری ہے۔ اگر ریاستی فورسز کے اہلکاروں سمیت اپنے ہی اداروں سے وابستہ افراد کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے تو یہ معاملہ محض مقامی سیاسی تنازع نہیں رہتا بلکہ ایک انتہائی سنگین انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کا مسئلہ بن جاتا ہے۔ کسی بھی شہری یا اہلکار کا قتل قابلِ قبول نہیں، اور کسی قتل کی ذمہ داری کسی دوسرے فریق پر ڈالنے کے لیے حقائق چھپانا یا شواہد میں ردوبدل کرنا مزید سنگین جرم ہوگا۔

یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ ان تمام واقعات کی حقیقت کا تعین کون کرے گا؟ کس نے فائرنگ کی؟ کس کے حکم پر کارروائی ہوئی؟ شہریوں اور پولیس اہلکاروں کی ہلاکتوں کے پیچھے کون تھا؟ کیا واقعی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکن یا حامی ان واقعات میں ملوث تھے، یا ان واقعات کو کسی دوسرے مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے؟ ان سوالات کا جواب کسی سرکاری ترجمان، کسی فورس کے ترجمان یا کسی سیاسی فریق کے بیان سے نہیں مل سکتا۔ ان کا جواب صرف آزادانہ، شفاف اور بین الاقوامی نگرانی میں ہونے والی تحقیقات سے ہی سامنے آ سکتا ہے۔

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پہلے دن سے اپنے مؤقف میں واضح رہی ہے کہ یہ ایک پرامن، غیر جماعتی اور بنیادی انسانی حقوق کی تحریک ہے۔ اس تحریک کا مطالبہ عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی، ریاست کے قدرتی وسائل پر عوام کا اختیار اور اپنے معاملات میں عوام کی حکمرانی ہے۔ کمیٹی اپنے عوامی اجتماعات اور بیانات میں بارہا واضح کر چکی ہے کہ اس کی جدوجہد عوامی حقوق کے لیے ہے۔ اسے تشدد سے جوڑنے، اس کے کارکنوں پر غیر ثابت شدہ الزامات عائد کرنے یا اس کے نام پر کسی قتل کو جواز فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اگر پاکستانی فورسز اور حکومت اپنے مؤقف میں درست ہیں تو انہیں آزادانہ تحقیقات سے خوفزدہ ہونے کی کوئی وجہ نہیں ہونی چاہیے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ بین الاقوامی میڈیا کو پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر میں آزادانہ رسائی کیوں نہیں دی جا رہی؟ انسانی حقوق کی غیر جانب دار تنظیموں کو متاثرہ علاقوں میں جانے، عینی شاہدین سے بات کرنے، زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کے بیانات لینے اور دستیاب شواہد کا جائزہ لینے سے کیوں روکا جاتا ہے؟

بین الاقوامی میڈیا تو دور کی بات، عام پاکستانی میڈیا کے لیے بھی متاثرہ علاقوں تک آزادانہ رسائی کے حوالے سے پابندیوں اور رکاوٹوں کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔ جب صحافیوں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے، واقعات کی آزادانہ رپورٹنگ کرنے اور متاثرین سے براہِ راست بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی تو دنیا حقائق تک کیسے پہنچے گی؟ اگر سب کچھ قانون اور ضابطے کے مطابق ہوا ہے تو پھر آزاد صحافیوں، بین الاقوامی مبصرین اور انسانی حقوق کے اداروں کے لیے راستے بند کرنے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟

اب محض بین الاقوامی میڈیا کی رسائی کا مطالبہ کافی نہیں۔ پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر میں گزشتہ ساڑھے تین سال کے دوران ہونے والی شہریوں اور پولیس اہلکاروں سمیت تمام ہلاکتوں کی جامع، آزادانہ اور غیر جانب دار بین الاقوامی تحقیقات ناگزیر ہیں۔ یہ تحقیقات اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہونی چاہییں، یورپی یونین اور برطانوی حکومت سمیت بین الاقوامی برادری کی مؤثر نگرانی اور معاونت بھی یقینی بنائی جائے۔ تحقیقاتی ادارے کسی پاکستانی حکومتی ادارے، فورس، مقامی انتظامیہ، جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی یا کسی دوسرے فریق کے ماتحت نہ ہوں۔ انہیں تمام متعلقہ مقامات تک رسائی، سرکاری ریکارڈ، دستیاب ویڈیو شواہد، پوسٹ مارٹم رپورٹس، طبی ریکارڈ اور عینی شاہدین کے بیانات حاصل کرنے کا مکمل اختیار دیا جائے۔

تحقیقات کا دائرہ صرف شہریوں کی ہلاکتوں تک محدود نہ ہو بلکہ ان پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کی ہلاکتوں کو بھی شامل کیا جائے جن کے بارے میں یہ الزامات ہیں کہ انہیں مبینہ طور پر اپنے ہی اداروں یا فورسز نے نشانہ بنایا۔ جبکہ فورسز کا موقف ہے کہ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے لوگوں نے انہیں نشانہ بنایا ،یوں ہر واقعے کی الگ الگ چھان بین ہو، احکامات جاری کرنے والوں سے لے کر عملی کارروائی کرنے والوں تک تمام ممکنہ ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور کسی بھی ادارے یا عہدے دار کو استثنیٰ حاصل نہ ہو۔اور نا ہی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو۔

اگر تحقیقات میں یہ ثابت ہو جائے کہ کسی فورس، ادارے، افسر یا اہلکار نے یا جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے شہریوں یا اداروں کے افراد کو غیر قانونی طور پر قتل کیا، شواہد چھپائے، واقعات کو کسی دوسرے فریق کے کھاتے میں ڈالنے کی سازش کی یا انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالی تو ان تمام ذمہ داروں کے خلاف بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ قانونی اصولوں کے مطابق مقدمات چلائے جائیں اور جرم ثابت ہونے پر انہیں سخت ترین قانونی سزائیں دی جائیں۔ کسی وردی، عہدے، ادارے یا حکومتی سرپرستی کو کسی مجرم کے لیے ڈھال نہیں بننے دیا جانا چاہیے۔

یہ مطالبہ کسی ایک تنظیم یا چند افراد کا نہیں۔ یہ پوری کشمیری قوم کا مطالبہ ہے۔ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا مطالبہ ہے اور دنیا کے مختلف ممالک میں آباد پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر کے اوورسیز کشمیریوں کا بھی یہی مطالبہ ہے کہ پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر میں ہونے والی تمام ہلاکتوں کی حقیقت دنیا کے سامنے لائی جائے، ذمہ داروں کا تعین ہو اور انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

پاکستانی حکومت، پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر کی حکومت اور پاکستانی فورسز کے سامنے اب سوال صرف ایک ہے: اگر آپ اپنے مؤقف میں سچے ہیں تو بین الاقوامی تحقیقات سے انکار کیوں؟ بین الاقوامی میڈیا، اقوام متحدہ اور غیر جانب دار انسانی حقوق کے اداروں کو آزادانہ رسائی دینے میں رکاوٹ کیوں؟

دنیا کو اپنی مرضی کی کہانی سنانے سے حقیقت تبدیل نہیں ہو سکتی۔ صحافیوں کے راستے بند کرنے، متاثرین کی آواز دبانے اور آزادانہ تحقیقات سے گریز کرنے سے کسی کو بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ریاستی طاقت کسی کو قتل کرنے کا اختیار نہیں دیتی اور نہ ہی کسی ادارے کو اپنے جرائم چھپانے کا حق حاصل ہے۔

اب مزید بیانات، تردیدوں اور الزامات کا وقت گزر چکا ہے۔ اب بین الاقوامی تحقیقات ہونی چاہییں۔ اب شواہد سامنے آنے چاہییں۔ اب ذمہ داروں کا تعین ہونا چاہیے اور اب انصاف ہونا چاہیے۔

پوری کشمیری قوم، جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور دنیا کے مختلف ممالک میں آباد پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر کے اوورسیز کشمیریوں کا مطالبہ جو سوشل میڈیا پر بھی ایک مہم کی صورت اختیار کر چکا ہےیہی ہےکہ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو آزادانہ رسائی دی جاۓ اور پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر میں ہونے والی تمام ہلاکتوں کی اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کرائی جائیں، تمام ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور جرم ثابت ہونے پر انہیں سخت ترین سزائیں دی جائیں۔

***

Share this content: