کاشگل نیوزخصوصی تحقیقاتی سیریز: اقتدار اور اثاثے
اسٹوری: فرحان طارق / مظفرآباد
عوامی عہدوں پر فائز شخصیات کے عوامی بیانات اور سرکاری دستاویزات میں درج حقائق کے درمیان کتنا فرق ہوتا ہے؟
کاشگل نیوز کی خصوصی تحقیقاتی سیریز ’اقتدار اور اثاثے‘ میں ہم پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی بااثر سیاسی شخصیات اور حکمرانوں کے انتخابی گوشواروں، جائیدادوں، بینک اکاؤنٹس اور ذرائع آمدن کا دستاویزی ریکارڈ عوام کے سامنے لا رہے ہیں۔جیسے سیاست دانوں کے عوامی بیانیے اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے سرکاری گوشواروں کی حقیقت کیا ہے؟
اس سیریز کا مقصد محض اعداد و شمار پیش کرنا نہیں، بلکہ عوامی احتساب اور مالی شفافیت کے تقاضوں کو اجاگر کرنا ہے۔
پیش ہے اس سلسلے کی دوسری کڑی، جو سابق وزیرِ اعظم ممتاز راٹھور کے مالی معاملات اور اثاثہ گوشوارے کا احاطہ کرتی ہے۔ کاشگل نیوز
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے سابق وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے سیاسی سفر کے دوران اپنی آمدن اور اثاثوں کے حوالے سے مختلف مواقع پر گفتگو کی ہے، جبکہ الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشوارے میں ان کی ملکیت، نقد رقم، بینک بیلنس، زیورات اور دیگر اثاثوں کی تفصیلات بھی درج ہیں۔
فیصل ممتاز راٹھور کا تعلق ضلع حویلی کہوٹہ سے ہے اور وہ حلقہ ایل اے 17 حویلی کہوٹہ سے 2011 میں پہلی مرتبہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
اس سے قبل وہ 2006 میں اسی حلقے سے انتخاب لڑ چکے تھے۔ بعد ازاں چوہدری عبدالمجید کی کابینہ میں وزیر رہے، جبکہ 2021 کے انتخابات میں دوبارہ قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہونے کے بعد اپوزیشن میں فعال کردار ادا کیا۔
2023 میں چوہدری انوارالحق کی اتحادی حکومت میں انہیں وزیرِ بلدیات و دیہی ترقی مقرر کیا گیا۔ اسی عرصے میں عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ حکومت کی جانب سے مذاکرات کے لیے قائم کمیٹی کی سربراہی بھی فیصل ممتاز راٹھور نے کی۔
فیصل راٹھور کے والد بھی کشمیر کی سیاست میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔ 1975 کے انتخابات کے بعد وہ سینیئر وزیر، 1990 میں وزیراعظم، 1991 میں قائد حزبِ اختلاف جبکہ 1996 میں قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر بنے۔
وزیراعظم بننے کے بعد اسمبلی کے فلور پر خطاب کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے والد کے اثاثوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی پوری زندگی کی جمع پونجی صرف ایک ذاتی مکان تھا، جو انہوں نے بیماری کے دوران دوستوں کے تعاون اور مالی معاونت سے تعمیر کیا تھا۔
ان کے مطابق 2021 کے انتخابات کے دوران انہوں نے وہ مکان فروخت کیا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم انتخابی اخراجات پورے کرنے کے لیے استعمال کی۔
تاہم اردو پوائنٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جب فیصل ممتاز راٹھور سے ان کے ذرائع آمدن اور کاروبار سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی آمدن کا کوئی بڑا ذریعہ نہیں ہے۔
ان کے مطابق پہلے ان کے پاس ایک مکان تھا جس سے کرایہ آتا تھا، جبکہ بعد میں انہوں نے فاریکس ٹریڈنگ کا ایک چھوٹا سیٹ اَپ قائم کیا اور اس ریجن کی فرنچائز بھی حاصل کی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشوارے میں فیصل ممتاز راٹھور اور ان کے زیرِ کنٹرول اثاثوں کی جو تفصیلات درج ہیں، ان کے مطابق ان کے پاس حویلی کے علاقے پلنگی میں 101 کنال 17 مرلہ وراثتی زمین موجود ہے۔
گوشوارے میں پلنگی دھڑہ، تحصیل ممتاز آباد حویلی میں 11 کنال اراضی پر رہائشی مکان، جبکہ کہوٹہ حویلی میں 102 کنال 12 مرلہ زمین بھی ظاہر کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بحریہ انکلیو میں 10 مرلہ پلاٹ اور 2012 ماڈل کی ٹویوٹا لینڈ کروزر بھی اثاثوں میں ظاہر کی گئی ہے۔
گوشوارے کے مطابق گھریلو استعمال کی اشیا کی مالیت تقریباً 4 لاکھ روپے جبکہ 20 تولہ سونا 20 لاکھ روپے مالیت کا ظاہر کیا گیا ہے۔
بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات میں حبیب بینک لمیٹڈ میں موجود رقم بھی ظاہر کی گئی ہے۔ گوشوارے کے مطابق 30 جون 2025 کو اس اکاؤنٹ میں 58 لاکھ 66 ہزار 995 روپے موجود تھے۔
اس کے علاوہ 50 لاکھ روپے کے پرائز بانڈز اور 27 لاکھ 43 ہزار 391 روپے نقد رقم بھی ظاہر کی گئی ہے۔
اثاثوں کے گوشوارے میں ماہانہ آمدن کی مد میں 40 لاکھ 37 ہزار 748 روپے درج کیے گئے ہیں۔
گوشوارے میں فیصل ممتاز راٹھور کے دو بچوں کی تعلیم کے اخراجات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔ اس کے مطابق ایک بیٹا اور ایک بیٹی بیکن ہاؤس میں زیرِ تعلیم ہیں اور دونوں کے سالانہ تعلیمی اخراجات 3 لاکھ 3 ہزار روپے فی کس درج کیے گئے ہیں۔
یوں ایک جانب فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے ایک انٹرویو میں آمدن کے بڑے ذریعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کرائے کے مکان اور فاریکس ٹریڈنگ کے محدود کاروبار کا ذکر کیا، جبکہ دوسری جانب الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشوارے میں زرعی و رہائشی زمین، مکان، پلاٹ، گاڑی، سونا، بینک بیلنس، پرائز بانڈز، نقد رقم اور ماہانہ آمدن سمیت مختلف اثاثے ظاہر کیے گئے ہیں۔
یہ تفصیلات فیصل ممتاز راٹھور کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشوارے اور ان کے سابقہ بیانات پر مبنی ہیں۔
٭٭٭
Share this content:


