مظفرآباد / برطانیہ / کاشگل نیوز
برطانیہ کے شہر روچڈیل کونسل کے ڈپٹی لیڈر اور لیبر پارٹی کے کونسلر دلاّت علی نے پاکستان کے حالیہ دورے کے دوران اسلام آباد اور لاہور ہوائی اڈوں پر پیش آنے والے واقعات، ایئرپورٹ حکام کی جانب سے روکے جانے اور پاکستان و آزاد کشمیر کی صورتحال سے متعلق اپنے تجربات تفصیل سے بیان کیے ہیں۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں دلاّت علی نے بتایا کہ وہ روچڈیل کونسل کے جڑواں شہروں کے سلسلے میں میئر کے ہمراہ سینئر سیاسی نمائندے کے طور پر وفد کے ساتھ پاکستان گئے تھے، جس میں ساہیوال کا دورہ اور ثقافتی و فلاحی سرگرمیاں شامل تھیں۔ ان کے مطابق 17 تاریخ کو مانچسٹر سے روانگی اور دبئی میں قیام کے بعد وہ 19 تاریخ کی صبح اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے، جہاں امیگریشن کے عمل کے دوران ایف آئی اے اہلکاروں نے انہیں ایک طرف بلا لیا۔
دلاّت علی کے بقول اس دوران وہ ذہنی دباؤ اور گھبراہٹ کے باعث بیمار ہو گئے، جس پر انہیں ایمبولینس کے ذریعے ایئرپورٹ کے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہاں طبی معائنے کے دوران ایک انسپکٹر نے انہیں کلیئرنس ملنے کا بتاتے ہوئے جانے کی اجازت دے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں باقاعدہ گرفتار نہیں کیا گیا تھا، تاہم اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر سمیت متعلقہ رابطوں کے بعد معاملہ آگے بڑھا۔
دلاّت علی کے مطابق دورے کے دوران وفد نے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات کی، جس میں ایئرپورٹ کے واقعے کے علاوہ تجارت، ثقافتی تبادلے اور سماجی مسائل پر گفتگو ہوئی۔ وفد نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے بھی ملاقات کی، جہاں ان کے بقول مظفرآباد میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈز سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
بعد ازاں وفد ساہیوال گیا، جہاں المحمود فاؤنڈیشن کے تحت آئی ہسپتال کے افتتاح اور الخدمت ہسپتال کے دورے سمیت تعلیمی، انتظامی اور ثقافتی سرگرمیوں میں شرکت کی گئی، جس کے بعد فیصل آباد میں ایک فیکٹری اور ورکشاپ کا دورہ بھی کیا گیا۔
دلاّت علی نے بتایا کہ دورے کے اختتام پر لاہور ایئرپورٹ پر انہیں پرواز میں سوار ہونے سے روک کر "آف لوڈ” کر دیا گیا۔ ان کے مطابق ایئرپورٹ پر موجود ایک ایف آئی اے افسر نے انہیں بتایا کہ پانچ سے دس لاکھ پاکستانی اور تقریباً ایک لاکھ کشمیری ای سی ایل (ECL) اور پی سی ایل (PCL) فہرستوں میں شامل ہیں، تاہم دلاّت علی کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے خلاف کسی مقدمے یا الزام کی کوئی تفصیل نہیں دی گئی اور نہ ہی ان کے بقول کوئی باضابطہ الزام موجود تھا۔
ان کے مطابق وہ اسلام آباد واپس گئے، برطانوی ہائی کمشنر، برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ اور لارڈز سے رابطے کیے گئے، اور برطانوی حکام و سیاست دانوں کی مداخلت کے بعد بالآخر انہیں پاکستان سے نکلنے کی اجازت مل گئی۔
برطانیہ واپسی کے بعد اپنے بیان میں دلاّت علی نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کو خوف و جبر کی فضا کا سامنا ہے، جب کہ برطانیہ میں مقیم لاکھوں کشمیری بھی اپنے رشتہ داروں کی گرفتاریوں، گمشدگیوں اور کشمیر کی صورتحال سے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والے واقعات اور انٹرنیٹ و معلومات تک رکاوٹوں کے باعث حقائق باہر آنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
دلاّت علی نے کہا کہ وہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے اور اپنے تجربات و شواہد کو جنیوا میں انسانی حقوق کے اداروں کے سامنے لے جانے کی تیاری کر رہے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کے حقوق کے لیے مؤثر آواز بلند کی جا سکے۔
Share this content:


