اپنی ہی کابینہ کے کرپشن الزامات اور عدم اعتماد سے قبل مستعفی ہونے والے عبدالقیوم نیازی کے اثاثے کیا ہیں؟

کاشگل نیوزخصوصی تحقیقاتی سیریز: اقتدار اور اثاثے

اسٹوری: فرحان طارق / مظفرآباد


عوامی عہدوں پر فائز شخصیات کے عوامی بیانات اور سرکاری دستاویزات میں درج حقائق کے درمیان کتنا فرق ہوتا ہے؟

کاشگل نیوز کی خصوصی تحقیقاتی سیریز ’اقتدار اور اثاثے‘ میں ہم پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی بااثر سیاسی شخصیات اور حکمرانوں کے انتخابی گوشواروں، جائیدادوں، بینک اکاؤنٹس اور ذرائع آمدن کا دستاویزی ریکارڈ عوام کے سامنے لا رہے ہیں۔جیسے سیاست دانوں کے عوامی بیانیے اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے سرکاری گوشواروں کی حقیقت کیا ہے؟

اس سیریز کا مقصد محض اعداد و شمار پیش کرنا نہیں، بلکہ عوامی احتساب اور مالی شفافیت کے تقاضوں کو اجاگر کرنا ہے۔

پیش ہے اس سلسلے کی تیسری کڑی، جو سابق وزیرِ عبدالقیوم نیازی کے مالی معاملات اور اثاثہ گوشوارے کا احاطہ کرتی ہے۔ کاشگل نیوز

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر سردار عبدالقیوم نیازی نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشواروں میں 40 کنال زرعی اراضی، پانچ مرلہ کا پختہ مکان، اہلیہ کے نام آٹھ تولے طلائی زیورات اور دو بینک اکاؤنٹس ظاہر کیے ہیں۔

سردار عبدالقیوم نیازی پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے 13ویں وزیراعظم رہے ہیں۔ وہ 2021 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حلقہ ایل اے 18 عباس پور سے رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

عبدالقیوم نیازی اس سے قبل آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سے بھی وابستہ رہے اور مختلف ادوار میں خطے کی حکومت میں وزیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔

اثاثوں کی تفصیل

الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشواروں کے مطابق سردار عبدالقیوم نیازی کے نام موضع درہ شیر خان، تحصیل ہجیرہ میں 40 کنال اراضی درج ہے، جبکہ اسی علاقے میں ان کے نام پانچ مرلہ کا ایک پختہ مکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

گوشواروں میں ان کی اہلیہ کے آٹھ تولے طلائی زیورات بھی درج ہیں۔

بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک چھتر پروگرامز مظفرآباد میں اکاؤنٹ نمبر 7-8454 میں 68 ہزار روپے جبکہ الائیڈ بینک سیارہ برانچ کوٹلی کے اکاؤنٹ نمبر ۔۔۔۔۔۔ میں 30 ہزار روپے کا بیلنس ظاہر کیا گیا ہے۔

گوشواروں میں سردار عبدالقیوم نیازی کی ماہانہ آمدن 87 ہزار روپے درج کی گئی ہے۔

عدم اعتماد اور وزارتِ عظمیٰ کا اختتام

سردار عبدالقیوم نیازی کے دورِ وزارتِ عظمیٰ میں ان کی اپنی کابینہ کے بعض وزرا اور حکومتی ارکان کی جانب سے ان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی۔

تحریکِ عدم اعتماد کے متن میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم پارلیمانی پارٹی کا اعتماد کھو چکے ہیں اور ان پر پاکستان تحریک انصاف کے منشور پر عمل نہ کرنے، میرٹ کی پامالی، اقربا پروری، گڈ گورننس کے فقدان اور مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر نہ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔

تحریک میں عبدالقیوم نیازی کے متبادل کے طور پر تنویر الیاس کا نام تجویز کیا گیا تھا، جو بعد ازاں وزیراعظم منتخب ہوئے۔

آٹا ملز اور گندم سے متعلق الزامات

سردار عبدالقیوم نیازی کے سیاسی دور میں آٹا ملز اور گندم کے معاملات سے متعلق مختلف الزامات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

Share this content: