ورلڈ چیمپيئن شپ آف لیجنڈز میں بھی پاکستان کا خواب چکنا چور، انڈیا نے پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا

0
193

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی چکا چوند کے فوراً بعد برصغیر کے کرکٹ شائقین کی نظر اچانک ورلڈ چیمپيئن شپ آف لیجنڈز ٹورنامنٹ کی طرف اس وقت گئی جب پاکستانی ٹیم نے انڈین ٹیم کو ایک میچ میں شکست سے دوچار کیا اور دونوں ملک اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں مدمقابل ہوئے۔

لیکن قسمت نے یہاں بھی پاکستان کا ساتھ نہ دیا اور انڈیا چیمپیئنز نے پاکستان چیمپیئنز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

سنیچر کے روز برطانیہ کے شہر برمنگھم میں کھیلے گئے اس فائنل میں پاکستان چیمپیئنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے لیکن انڈیا نے یہ ہدف آخری اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر لیا۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز سے سیمی فائل جیت کر پاکستان نے فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ انڈیا آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچا تھا۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد شائقین نے لیجنڈز کے اس ٹورنامنٹ کے حوالے سے یہ کہنا شروع کر دیا تھا کہ موجودہ قومی ٹیم سے بہتر تو یہ لیجنڈز کی ٹیم ہے کیونکہ اس ٹیم نے انھیں وہ خوشی دلائی جس کی پاکستانی ٹیم کے مداح ایک عرصے سے تمنا کر رہے تھے۔

پاکستان کی لیجنڈز ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ کو چھوڑ کر شرکت کرنے والی تمام ٹیمز کو شکست سے دوچار کیا اور فائنل میں اسے انڈیا سے بھی شکست ہوئی۔

پاکستان نے اس ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں آسٹریلین چیمپیئنز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی پھر ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو 29 رنز کے واضح فرق سے ہرایا۔

اس کا تیسرا میچ روایتی حریف انڈیا سے تھا جو اس نے 68 رنز سے جیت لیا۔ پاکستان نے انڈیا کو جیت کے لیے مقررہ 20 اوورز میں 244 رنز کا ہدف دیا اور انڈین ٹیم کو 175 رنز پر روکنے میں کامیاب رہی۔

پھر اس نے جب انگلینڈ کی ٹیم کو 79 رنز سے شکست دی تو اس نے سیمی فائنل کے لیے اپنی نشست محفوظ کر لی لیکن اسے اپنے آخری لیگ میچ میں پاکستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں نو وکٹوں سے شکست ہوئی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here