بنگلہ دیشی فوجی حکام نے کہا ہے کہ ملکی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
وہ اتوار کے روز پر تشدد مظاہروں میں ایک سو افراد کی ہلاکت کے ایک دن بعد مستعفی ہوئیں۔ یوں 15 برس سے جاری ان کے اقتدار کا خاتمہ ہو گیا۔
بنگلہ دیش میں کئی ہفتوں سے احتجاج کرنے والے طلبہ ہزاروں کی تعداد میں وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی سرکاری رہائش گاہ میں داخل ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم اپنی سرکاری رہائش گاہ سے کسی محفوظ مقام پر منتقل ہو گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے بنگلہ دیشی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملکی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور ملک سے باہر چلی گئی ہیں۔
بنگلہ دیشی ٹیلی وژن چینل 24 پر دکھائی جانی والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دارالحکومت ڈھاکہ میں موجود وزیر اعظم کی رہائش گاہ میں بڑی تعداد میں ہجوم موجود ہے اور لوگ کیمرے کے سامنے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے وزیر اعظم کے قریبی ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ 76 سالہ وزیر اعظم حسینہ واجد اور ان کی بہن نے ڈھاکہ چھوڑ دیا ہے اور ایک محفوظ جگہ پر منتقل ہو گئی ہیں۔ اس ذریعے کے مطابق وزیر اعظم اپنا خطاب ریکارڈ کرانا چاہتی تھیں تاہم انہیں اس کا موقع نہیں مل سکا۔