پاکستان کے وفاقی وزرات داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک مراسلے میں کہا گیا ہے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر ان میں سے کوئی ایجی ٹیشن پر اکساتا پایا گیا تو ایسے طلباء کے نام فورتھ شیڈول لسٹ میں داخل کر دیے جائیں گے- ان کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ ضبط اور اچھے چال چلن کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا –
“ایجی ٹیشن” کا اطلاق کن کن حرکات و سکنات، افعال و اقدام پر کیا جائے گا، اس کا کوئی تعین نہیں ہے، یہ مراسلہ پاکستان کے طالب علموں کی جلسے جلوس، احتجاجی مظاہروں میں شرکت روکنے کی کوشش لگتی ہے۔
اس پابندی کی زد میں پی ٹی ایم، بلوچ یکجہتی کمیٹی، گلگت بلتستان ایکشن کمیٹی، کشمیر ایکشن کمیٹی جیسی مقبول تنظیموں میں قائدانہ اور سرگرم کردار ادا کرنے والے طالب علم آسکتے ہیں۔
یہ سرکاری حکمنامہ پاکستان کی جامعات میں جاری پہلے سے سخت آمرانہ نظام کو مزید طاقتور کرے گا – طلباء کو فیسوں میں اضافے سمیت دیگر تعلیم دشمن اقدامات کے خلاف آواز اٹھانے سے روکنے میں زبردست ہتھیار کے طور پر استعمال ہوگا۔
مختلف طلباء تنظیموں کے مطابق ایجی ٹیشن کا نوٹیفکیشن طلباء کی آواز دبانے کی کوشش ہے۔ جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا ہے۔