جے کے پی این پی کینیڈا کا پاکستانی جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان

کیلگری، کینیڈا (پریس ریلیز)

جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی (کینیڈا برانچ) کا ماہانہ اجلاس کیلگری میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی تحریک کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کینیڈا برانچ کے صدر عدنان یعقوب نے پارٹی کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری عوامی حقوق کی پرامن جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام کو ان کے جائز سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق دلانے کی تحریک میں پارٹی ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

عدنان یعقوب نے پاکستان کے غیر قانونی قبضے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور ہر قسم کے تشدد کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مقبوضہ ریاست میں انتہاپسندی کو دوبارہ منظم انداز میں فعال کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پرامن اور جمہوری جدوجہد کرنے والی قوتوں کو خوفزدہ کرنا ہے۔ عدنان یعقوب نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان شدت پسند گروہوں کے ذریعے انسانی حقوق کے کارکنوں، روشن خیال رہنماؤں اور آزادی کے حامی افراد کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس ممکنہ سازش کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس خطرناک رجحان کا نوٹس لیں اور متاثرہ افراد کی حفاظت یقینی بنائیں۔

پریس ریلیز کے اختتام پر عدنان یعقوب نے پہلگام میں حالیہ دنوں پیش آنے والے واقعے، جس میں معصوم افراد کو قتل کیا گیا، کی سخت مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ اس سانحہ میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔