ایران پر مزید حملے ہلاکت خیز ہونگے، جوہری معاہدے کیلئے موقع ہے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سب کچھ ختم ہونے سے قبل ایران کو معاہدہ کر لینا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ میں نے ایران کو معاہدے کرنے کے کئی مواقع دیے۔ ’میں نے ایران کو کہا کہ معاہدہ کر لیں لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔‘

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ’اب اس صورتحال کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے، آگے ہونے والے حملے زیادہ ہلاکت خیز ہوں گے۔‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے جوہری پروگرام سے متعلق معاہدہ کرے۔

انھوں نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر بیان دیا کہ اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد ایران کے پاس جوہری معاہدے تک پہنچنے کا شاید ’دوسرا موقع‘ ہے۔

وہ لکھتے ہیں: ’دو ماہ قبل میں نے ایران کو ‘معاہدہ کرنے’ کے لیے 60 دن کا الٹی میٹم دیا تھا۔ انھیں یہ کرنا چاہیے تھا۔ آج 61واں دن ہے۔ میں نے انھیں بتایا کہ کیا کرنا ہے لیکن اب ان کے پاس دوسرا موقع ہے!‘

امریکہ اور ایران کے درمیان جوہری معاہدے پر بات چیت اتوار کو عمان میں اپنے چھٹے دور میں داخل ہونے والی تھی۔

اس سے قبل ایران نے امریکہ پر اسرائیل کے حملوں کی حمایت کا الزام لگایا تھا جس کی واشنگٹن نے تردید کی تھی۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اسرائیل کے منصوبوں کا پہلے سے علم تھا تاہم انھوں نے واضح کیا کہ امریکی فوج نے اس آپریشن میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

امریکی صدر نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے امریکا کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے گا۔

ٹرمپ نے فاکس نیوز کو بتایا کہ ’ایران کے پاس ایٹم بم نہیں ہو سکتا اور ہم مذاکرات کی میز پر واپس آنے کی امید کر رہے ہیں۔‘