پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں سی ٹی کے اسلحہ خانے میں دھماکا اور ہنگو میں فورسز پر آئی ای ڈی حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور5 زخمی ہوگئے۔
پشاور میں یونی ورسٹی روڈ پر واقع سی ٹی ڈی تھانے کے اسلحہ خانے میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
سی سی پی او کے مطابق دھماکا اسلحہ خانے میں رکھے پرانے دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے ہوااور آگ دیگر گولا بارود تک بھی پھیل گئی جس سے مزید دھماکے ہوئے جبکہ بلڈنگ کا ایک حصہ گرگیا۔
پولیس کے مطابق تھانے میں موجود ملزمان کو سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز منتقل کردیا گیا ہے جبکہ تھانہ سی ٹی ڈی اور اطراف کے علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکا کا بتانا ہےکہ علاقے میں کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔
بی ڈی یو، ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں امدادی کام کر رہی ہیں جبکہ ابتدائی طور پر یہ واقعہ دہشت گردی کی کارروائی نہیں لگتا۔
ادھر خیبر پختونخوا کے شہر ہنگو کے علاقے دوآبہ میں پولیس قافلے کو آئی ای ڈی حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت دو اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس افسران البرق کمانڈوز اور ضلعی نفری کے ہمراہ سرچ آپریشن سے واپسی پر تھے۔
دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ دوآبہ انسپکٹر عمران الدین، آئی ایچ سی جہاد علی اور ڈی ایس پی اہلکار عابد زخمی ہو گئے۔
زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے اور تمام اہلکاروں کا حالت خطرے سے باہر ہے۔
دھماکے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ضلع بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
کچھ روز قبل ہنگو میں پولیس کی گاڑی پر بم حملے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت 3 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
Share this content:


