باغ: خبر شائع کرنے پر صحافی کو کالعدم تنظیم کی دھمکیاں

باغ/ کاشگل نیوز

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے ضلع باغ سے تعلق رکھنے والے ینگ جرنلسٹس فورم باغ کے صدر اور ورکنگ جرنلسٹ سردار اویس کو خبر شائع کرنے پر مبینہ طور پر کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے عناصر کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق دو روز قبل سردار اویس نے ایک خبر شائع کی تھی جس میں مبینہ طور پر انکشاف کیا گیا تھا کہ ایک افغان ٹھیکیدار اور بلدیہ باغ کے کچھ اہلکاروں کی ملی بھگت سے عوام کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔

خبر کے شائع ہونے کے ایک روز بعد سردار اویس کو واٹس ایپ پر ایک ایرانی نمبر سے کال موصول ہوئی۔ کال کرنے والے شخص نے اپنا تعلق کالعدم تنظیم "ٹی ٹی پی” سے ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ خستہ گل نامی ٹھیکیدار کے خلاف کوئی خبر نشر یا شائع کی گئی تو انہیں "ختم” کر دیا جائے گا۔

دھمکیاں موصول ہونے کے بعد سردار اویس نے واقعے کی اطلاع تھانہ سٹی باغ کو دی اور باضابطہ درخواست جمع کروا دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پولیس اس معاملے میں جلد کارروائی کرے گی۔

دوسری جانب، ینگ جرنلسٹس فورم جموں کشمیر اور ورکنگ جرنلسٹس فورم باغ نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی پر اس طرح کی دھمکیاں قابلِ قبول نہیں۔

فورم کی قیادت نے اس واقعے کے خلاف پونچھ ڈویژن سمیت مرکزی اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے تاکہ ورکنگ صحافیوں کے تحفظ اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے عملی حکمتِ عملی ترتیب دی جا سکے۔

Share this content: