مظفرآباد: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کا احتجاج، مرکزی شاہراہ بند

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے شہر مظفرآباد میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین نے احتجاجاً مرکزی شاہراہ بند کردی ۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے رقم حاصل کرنے والی مستحق خواتین دفتر کے عملے اور پولیس کے مبینہ ناروا سلوک کے خلاف سراپا احتجاج بن گئیں۔

خواتین نے گڑی پن چوک سے احتجاجی ریلی نکالتے ہوئے مرکزی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ امدادی رقم کے حصول کے لیے آنے والی خواتین کے ساتھ دفتر کے عملے اور پولیس کی جانب سے نامناسب رویہ اختیار کیا جاتا ہے، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات اور تذلیل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

احتجاج کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ بعد ازاں انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کیے گئے اور آئندہ خواتین کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنے اور بہتر انتظامات کی یقین دہانی کرائی گئی۔

انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کرتے ہوئے شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔

Share this content: