اسلام آباد: جے کے ایل ایف رہنما عابد علی راجہ کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل ، سفر سے روک دیا گیا

اسلام آباد / کاشگل نیوز

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سابقہ زونل جنرل سیکرٹری اور سابق چیئرمین سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ عابد علی راجہ کو اہلیہ سمیت اسلام آباد ایئر پورٹ سے اس وقت آف لوڈ کردیا گیا جب وہ عمرے پر جارہے تھے۔

ایف آئی اے حکام نے انہیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر بورڈنگ پاس جاری ہونے کے بعد اس لیے آف لوڈ کر لیا کہ ان کا نام مبینہ طور پر کسی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ہے۔

عابد علی راجہ کے بقول انہوں نے اہلیہ کے ہمراہ عمرہ کرنے کے لیے 6 لاکھ روپے میں پیکیج خرید رکھا تھا۔ آخری وقت آف لوڈ کیے جانے کی وجہ سے ان کا ٹکٹ ضائع ہوگیا۔ تاہم ان کی اہلیہ اکیلے سعودی عرب کا سفر کرنے پر مجبور ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں کم از کم تین لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ایسا محض اس لیے کیا گیا کہ وہ جموں کشمیر کے رہائشی ہیں اور جموں کشمیر کے لوگوں کے حق آزادی اور حق خودارادیت کے لیے جدوجہد میں مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ جموں کشمیر کے پاکستانی زیرانتظام حصے میں جاری عوامی حقوق تحریک کی وجہ سے پانچ سو کے لگ بھگ سیاسی کارکنوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال کر ان پر سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں شہریوں کے نام پی این آئی ایل لسٹ میں بھی ڈالے گئے ہیں۔

اکتوبر میں پاکستان کی وفاقی حکومت اور مقامی کمیٹیوں کی قیادت کے مابین ہونے والے مذاکرات میں یہ طے کیا گیا تھا کہ جموں کشمیر کے شہریوں پر عائد غیر مرئی سفری پابندیوں کا سلسلہ بند کیا جائے گا۔ تاہم اس کے باوجود جموں کشمیر کے شہریوں کو عمرے کے لیے سعودی عرب جانے سے بھی روکا جا رہا ہے۔

عابد علی راجہ کو آف لوڈ کرنے والے اہلکاروں اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور عابد راجہ کو پہنچائے گئے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔ بصورت دیگر کھلا اعلان کر دیا جائے کہ جموں کشمیر کے لوگوں کے لیے پاکستان کے ایئرپورٹس سے سفر کی اجازت نہیں ہے۔ تاکہ متبادل انتظام کیا جا سکے۔

Share this content: