گذشتہ سال 2025 میں  دنیا بھر میں 128 صحافی قتل ہوئے،انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس

انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کے مطابق سال 2025 کے دوران دنیا بھر میں مجموعی طور پر 128 صحافی قتل کیے گئے جن میں سے آدھے سے زائد کا تعلق مشرقِ وسطیٰ سے ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق پریس گروپ نے جمعرات کو رپورٹ میں بتایا کہ صحافیوں کو قتل کیے جانے کی یہ تعداد 2024 کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

آئی ایف جے کے جنرل سیکریٹری انتھونی بیلانجر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’یہ محض ایک عدد نہیں بلکہ ہمارے ساتھیوں کے لیے ریڈ الرٹ ہے۔‘

صحافتی تنظیم نے خاص طور پر فلسطینی علاقوں کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ جہاں غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے دوران 2025 میں 56 صحافی اور میڈیا ورکرز مارے گئے۔

آئی ایف جے کے جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا ’ہم نے پہلے کبھی ایسا نہیں دیکھا کہ اتنے کم وقت میں اتنے چھوٹے علاقے میں اتنی بڑی تعداد میں صحافی جان سے جائیں۔‘

رپورٹ کے مطابق یمن، یوکرین، سوڈان، پیرو، بھارت اور دیگر ممالک میں بھی صحافیوں کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

انتھونی بیلانجر نے ان حملوں کے ذمہ داروں کو دی جانے والی ’استثنا‘ یا سزا سے بچ نکلنے کے رجحان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’جب تک انصاف نہیں ہوگا، صحافیوں کے قاتلوں کو کھلی چھوٹ ملتی رہے گی۔‘

آئی ایف جے نے بتایا کہ اس وقت دنیا بھر میں 533 صحافی جیلوں میں قید ہیں، جو گزشتہ پانچ برسوں میں دگنی سے بھی زیادہ تعداد ہے۔

Share this content: